جھگی میں آگ لگنے سے 3 کمسن بہن بھائی جھلس کر جاں بحق
امکان ظاہر کیا گیا کہ جھگی کے قریب سردی سے بچنے کے لیے آگ لگائی اس سے اٹھنے والی چنگاری سے جھگی میں آگ لگی
کٹی پہاڑی کے قریب جھگی میں آگ لگنے سے 2 کمسن بہنیں اور بھائی جھلس کر جاں بحق اور جمشید کوارٹر میں گھر کے اندر میاں، بیوی اور بیٹے سمیت 4 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کٹی پہاڑی میانوالی کالونی کے قریب جھگی میں آگ بھڑک اٹھی جس کی اطلاع پر علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پانے کی کوششیں کی۔
اس حوالے سے پولیس نے بتایا کہ پہاڑی پر بنے ہوئے ایک کمرے کی جھگی میں آگ لگنے سے 3 بچے جھلس کر جاں بحق ہوگئے ہیں جس میں 2 کمسن بہینں اور ایک بھائی شامل ہے اور واقعہ کے وقت بچوں کے والدین موجود نہیں تھے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق بچوں کی شناخت 6 سالہ اقصیٰ ، 5 سالہ عظمیٰ اور 7 سالہ محمد ولد رحمٰن گل کے نام سے ہوئی ہے۔ اس حوالے سے امکان ظاہر کی جارہا ہے کہ جھگی کے قریب کچھ افراد سردی سے بچنے کے لیے آگ لگائے بیٹھے تھے اور اس سے اٹھنے والی چنگاری سے جھگی میں آگ لگی۔
دریں اثنا جمشید روڈ 2 نمبر یادگار فش کے قریب گھر میں جھلس کر 30 سالہ اول خان ، اس کی اہلیہ 22 سالہ آمنہ ، بیٹی 6 سالہ سائرہ اور 22 سالہ عمران زخمی ہوگیا۔
زخمیوں کو ایدھی کے رضا کاروں نے فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال کے برنس وارڈ پہنچایا۔