ملیر ہالٹ اور ملیر 15 سے تجاوزات ختم کی جائیں ایڈمنسٹریٹر بلدیہ

شہرکی بہتری اور ترقی کیلیے ہر شخص کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،ترقیاتی کاموں کو معیار کے مطابق مکمل کیاجانا ضروری ہے


Staff Reporter April 05, 2014
ملیر ہالٹ اور ملیر 15کے فلائی اوورز کو مقررہ وقت سے پہلے مکمل کرنے کی کوشش کی جائے، رؤف اختر فاروقی کی ہدایت۔ فوٹو: فائل

ایڈمنسٹریٹر کراچی رئوف اختر فاروقی نے محکمہ انسداد تجاوزات کے سینئر ڈائریکٹر بلال منظر کو ہدایت کی ہے کہ ملیر ہالٹ اور ملیر 15 کے مقامات سے فوری طور پرمزیدتجاوزات کو ختم کیا جائے تاکہ تعمیراتی کاموں میں تیزی لائی جاسکے۔

تجاوزات نہ ہٹنے کی صورت میں ان فلائی اوورز کا کام متاثر ہوگا اور شہریوں کو مزید تکالیف کا سامنا کرنا پڑے گا، انھوں نے محکمہ انجینئرنگ کو بھی ہدایت کی کہ ملیر ہالٹ اور ملیر 15 پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور ان دونوں فلائی اوورز کو مقررہ وقت سے پہلے مکمل کرنے کی کوشش کی جائے کیونکہ مین شاہراہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو ٹریفک کے مسائل کا سامنا ہے اور دفتری اوقات میں ان مقامات پر لوگوں کا قیمتی وقت ضائع ہوتا ہے، انھوں نے کہا کہ دونوں فلائی اوورز انتہائی اہمیت کے حامل ہیں کیونکہ ان کی تعمیر سے نیشنل ہائی وے جانے والی ٹریفک کو آسانی ہوگی اور یہاں ٹریفک جام کے مسائل بھی حل ہوجائیں گے، انھوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کو معیار کے مطابق مکمل کیاجانا ضروری ہے۔

انھوں نے کہا کہ گزشتہ روز ملیر ہالٹ اور ملیر 15 کے درمیانی علاقے میں تجاوزات کو ہٹایا گیا ہے اور شہریوں نے انسداد تجاوزات کے عملے سے بھرپور تعاون کیا ہے اور توقع ہے کہ شہر کے بہتر مفاد میں جہاں جہاں بھی تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے شہری عملے سے تعاون کریں گے، انھوں نے کہا کہ یہ شہر ہم سب کا ہے اور اس کی بہتری اور ترقی کے لیے ہر شخص کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، ایڈمنسٹریٹر کراچی کو ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز نیاز احمد سومرو نے فلائی اوورز سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملیر ہالٹ پر 50 پائلنگ ورک مکمل کرلیا گیا ہے ،8 گارڈرز اب تک تیار کیے جاچکے ہیں جبکہ ملیر 15 فلائی اوور کے لیے 30 پائلز مکمل کیے جاچکے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ ملیر 15 فلائی اوور کے گارڈرز تیار کرنے کے لیے جگہ کا انتخاب کرلیا گیا ہے اور جلد ہی گارڈرز کی تیاری کا کام شروع کردیا جائے گا، ملیر ہالٹ کے مقام پر تعمیر کیا جانے والا فلائی اوور3 لین پر مشتمل ہوگا اور جبکہ فلائی اوور کی لمبائی 440 میٹر ہوگی، اس فلائی اوور کے دونوں ریمپ 472 میٹر کی حفاظتی دیوار کے ساتھ تعمیر کیے جائیں گے جبکہ فلائی اوور کے 14 اسپن ہوں گے ، انھوں نے بتایا کہ ملیر 15 فلائی اوور میں مجموعی طور پر 22 پائلز ہیں ، ملیر 15 پرمختلف یوٹیلیٹی سروسز کے 18 کیبلز گزر رہے ہیں جن کی شفٹنگ کا کام مکمل کیا جا رہا ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی رئوف اختر فاروقی نے ہدایت کی کہ دونوں فلائی اوورز پر بلا تعطل کام جاری رکھا جائے اور تعطیلات کے دوران بھی متعلقہ پروجیکٹ ڈائریکٹرز سائیٹس پر موجود رہیں اور کاموں کی نگرانی کریں،معیار کے مطابق تعمیراتی کام مکمل ہوں گے تو یہ ترقیاتی منصوبے پائیدار اور دیرپا ثابت ہوں گے اور شہریوں کو بہتر سہولیات مہیا کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔