منگھوپیر میں پولیس کارروائی انتہائی مطلوب کار لفٹر گرفتار
سجاد لاشاری چوری شدہ گاڑیاں اوستہ محمد، جھل مگسی اور کوئٹہ میں فروخت کر تا ہے، پولیس، نیو ٹاؤن سے اسٹریٹ کرمنل گرفتار
اے وی ایل سی پولیس اور منگھوپیر پولیس نے دو پولیس مقابلوں کے دوران کارلفٹر سمیت دو ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور چوری شدہ گاڑی برآمد کرلی۔
ایکسپریس کے مطابق جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل پولیس نے کریم آباد ریلوے پھاٹک کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران مشہور زمانہ کارلفٹر عبدالمجید لاشاری کے بھتیجے اور انتہائی مطلوب ملزم سجاد لاشاری ولد حسن لاشاری کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اس کے قبضے سے اسلحہ اور عزیز بھٹی تھانے کی حدود سے چوری شدہ گاڑی برآمد کرلی۔
گرفتار ملزم کا چچا عبدالمجید لاشاری سال 2021ء میں اے سی ایل کے ہاتھوں مقابلے میں ماراجا جا چکا ہے، گرفتارملزم کا باپ اور بھائی بھی چوری کی وارداتوں میں ملوث ہیں جن کے ساتھ مل کر گرفتار ملزم چوری کی وارداتیں انجام دیتا ہے، گرفتار ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے پولیس پارٹی پرفائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کو شش کی۔
ملزم عادی جرائم پیشہ اور شہر سے کا ریں چھیننے، چوری کرنے کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے، سال 2019ء میں گرفتارملزم کا ایک ساتھی زاہد حسین گاڑی چھینتے ہوئے پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا تھا جبکہ ملزم گرفتار ہوا تھا۔
اے وی ایل سی پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سجاد لاشاری چوری شدہ گاڑیاں اوستہ محمد، جھل مگسی اور کوئٹہ بلوچستان میں فروخت کر تا ہے، ملزم کے دیگر ساتھی مفرور ملزمان اور مزید گاڑیوں کی برآمد گی کے لیے چھا پے ما رے جا رہے ہیں۔
اسی طرح منگھوپیر پولیس نے بھی نورانی ہوٹل کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتارکرکے اس کے قبضے سے غیرقانونی اسلحہ برآمد کرلیا، زخمی ملزم کو فوری طور پرعباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت اسد ولد عتیق کے نام سے کی گئی۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کا سابقہ کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔
دریں اثنا نیو ٹاؤن پولیس نے اسٹریٹ کرمنل محمد اسامہ ولد محمد اخلاق کو گرفتارکرکے اس کے قبضے سے غیرقانونی اسلحہ برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کا سابقہ ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے، ملزم کو مزید کارروائی کے لیے تفتیشی افسران کے حوالے کر دیا گیا ہے۔