پنجاب میں پی ٹی آئی کا زور توڑنے کیلیے نئی پارٹی کے قیام کی تیاریاں تیز
پی ٹی آئی کے باغی ارکان جہانگیر ترین، عبدالعلیم خاں اور سرور گروپ کے لوگوں کو کلیدی عہدے دیے جائیں گے، ذرائع
پنجاب میں پی ٹی آئی کا زور توڑنے کے لیے بااثر سیاسی شخصیات متحرک ہوگئی ہیں اور پی ٹی آئی کے سابق رہنماؤں کی قیادت میں ایک نئی پارٹی کے قیام کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں۔
اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ نئی جماعت کی تشکیل کے لئے رابطوں اور ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جبکہ سینٹرل اور جنوبی پنجاب کے اہم خاندانوں کے چشم وچراغ نئی پارٹی کا حصہ ہوں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی اور سابق ارکان بھی عام انتخابات سے قبل شمولیت اختیار کریں گے، پی ٹی آئی کے باغی ارکان جہانگیر ترین، عبدالعلیم خاں اور چوہدری سرور گروپ کے لوگوں کو نئی پارٹی میں کلیدی عہدے دیے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ نئی جماعت کی قیادت پی ٹی آئی پنجاب کی سابق اہم شخصیت کرے گی، نئی جماعت عام انتخابات میں اپنے علیحدہ انتخابی نشان کے ساتھ میدان میں اترے گی، آئندہ عام انتخابات میں نئی جماعت پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے تحت انتخابات میں حصہ لے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ نئی جماعت پنجاب میں پی ٹی آئی کے مظبوط حلقوں میں اپنے امیدوار کھڑے کرے گی، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے سنٹرل اور جنوبی پنجابنئی جماعت کو ٹارگٹ دیا جائے گا کہ وہ پنجاب اسمبلی کی 40 سے 45 سیٹیں حاصل کرے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کی کم از کم 15 سے 20 نشستیں جیتیں، نئی جماعت کی جیت کی صورت میں پنجاب میں اگلا وزیراعلی پنجاب اسی جماعت سے ہونے کا قوی امکانات ہیں۔