تربیلا غازی میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے 3 خواتین زخمی دلہا کیخلاف مقدمہ درج

ڈاکٹروں کے مطابق ہوائی فائرنگ سے زخمی ہونے والی خواتین کی حالت خطرے سے باہر ہے


ویب ڈیسک January 08, 2023
فوٹو فائل

تحصیل غازی میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے تین خواتین شدید زخمی ہوگئیں، پولیس نے دلہا اور ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع ہری پور کی تحصیل غازی کے مضافاتی گاؤں جھامرہ میں قمر زمان ولد خانی زمان کی شادی کے موقع پر رشتے داروں کی جانب سے شدید ہوائی فائرنگ کی گئی۔

ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں تین خواتین جن کی شناخت ناظمین زوجہ محمد زاہد عمر 36 سال، عارفہ بی بی، سبلہ بی بی زوجہ صداقت علی شدید زخمی ہوگئیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور تینوں شدید زخمی ہونے والی خواتین کو سول ہسپتال غازی منتقل کیا، جن کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔

ڈاکٹروں کے مطابق ہوائی فائرنگ سے زخمی ہونے والی خواتین کی حالت خطرے سے باہر ہے تاہم زخمی خواتین کو مزید طبی امداد کے لیئے ہری پور ریفر کر دیا گیا ہے۔

پولیس نے ابتدائی رپورٹ درج کر کے دولہا اور فائرنگ کرنے والے شخص نظار ولد عبدالرشید (دلہا کا عزیز) ساکن جھامرہ کو گرفتار کرنے کے لیے کاروائی شروع کردی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔