صدر مملکت کا اسٹیٹ لائف کو شہری کو انشورنس کی رقم دینے کا حکم

شہری نے انشورنس کی رقم نہ ملنے پر وفاقی محتسب اور پھر صدر مملکت سے انصاف کی اپیل کی تھی

فوٹو : فائل

صدر مملکت نے اسٹیٹ لائف کو ایک انشورنس پالیسی ہولڈر شہری کو مروجہ شرح کے مطابق واجب الادا منافع سمیت انشورنس کلیم ادا کرنے کی ہدایت کردی۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق شہری نے اسٹیٹ لائف انشورنس کارپویشن کی جانب سے انشورنس کلیم کی عدم ادائیگی پر صدر مملکت سے رجوع کیا تھا جس پر صدر مملکت نے شہری کی اپیل منظور کرتے ہوئے ہدایت جاری کی ہے۔


اپنی ہدایت میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ اسٹیٹ لائف نے شکایت کنندہ سے 31 اکتوبر 1990ء کو 20 سالہ مدت کے لیے 30 ہزار روپے کی بیمہ کی رقم کے لیے انشورنس پالیسی حاصل کی اور اختتام پر بغیر کوئی وجہ بتائے شکایت کنندہ کو میچورٹی کلیم کی ادائیگی میں تاخیر کی اور دو سال کے بعد میچورٹی کلیم ادا کیا جب کہ اسٹیٹ لائف شکایت کنندہ کو تاخیر سے ادائیگی کا جواز پیش کرنے میں ناکام رہا۔

صدر مملکت نے کہا کہ اسٹیٹ لائف نے اعتراف کیا کہ شکایت کنندہ کے جمع کردہ پریمیم انشورنس کمپنی نے اپنے پاس رکھے اور اس نے اس پر منافع کمایا، شکایت کنندہ کو تاخیر سے ادائیگی کی وجہ سے مروجہ شرح کے مطابق واجب الادا منافع سمیت انشورنس کلیم ادا کیا جائے۔

صدر مملکت نے شکایت کنندہ کی درخواست قبول کرلی اور اسٹیٹ لائف کو 30 دنوں کے اندر وفاقی محتسب کو تعمیل کی اطلاع دینے کی ہدایت کی۔
Load Next Story