ٹریفک جام میں پھنسے شہریوں کو لوٹنے والا ملزم ساتھی سمیت گرفتار
ملزمان کے قبضے سے 2 ٹی ٹی پستول، 11 گولیاں، موبائل فونز، نقدی اور بغیر نمر پلیٹ کی موٹر سائیکل برآمد کرلی، پولیس
شاہ لطیف ٹاؤن پولیس نے قائد آباد فلائی اوور مرغی خانہ روڈ پر ٹریفک جام میں پھنسے شہریوں کو لوٹنے والے مرکزی ملزم کو ساتھی سمیت گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ملیر عرفان بہادر نے بتایا کہ شاہ لطیف ٹاؤن پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے واردات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں شروع کر دیں اور گزشتہ روز پولیس نے خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران لوٹ مار میں ملوث مرکزی ملزم ساحل عمر کو ساتھی کاشف الرحمٰن سمیت ملیر ندی پل قائد آباد یار محمد گوٹھ سے گرفتار کرلیا۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے 2 ٹی ٹی پستول، 11 گولیاں ، چھینے گئے موبائل فونز، نقدی اور بغیر نمر پلیٹ کی موٹر سائیکل برآمد کرلی جبکہ مدعی مقدمہ نے بھی انھیں شناخت کرلیا۔
عرفان بہادر نے بتایا کہ گرفتار ڈکیت ساحل عمر اس سے قبل بھی ڈکیتی کے مقدمات میں ڈسٹرکٹ ملیر کے تھانوں میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔ واضح رہے کہ گرفتار ڈکیت ساحل عمر کو قائد آباد کے قریب شلوار قمیض پر واسکٹ پہنے انتہائی دلیری کے ساتھ ہاتھ میں اسلحہ لیے ٹریفک جام کے دوران گاڑیوں میں سوار شہریوں کو لوٹتے ہوئے دیکھا گیا اور واقعہ کی فوٹیج بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔