ریسٹورنٹ میں کھانا کھاتے شہری مسلح ڈاکوؤں کے ہاتھوں لٹ گئے
ڈاکو شہریوں سے 13 موبائل فونز اور نقدی چھین کر با آسانی فرار ہو گئے
سندھی مسلم کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کی فوڈ اسٹریٹ پر واقع ریسٹورنٹ میں موجود شہری دن دیہاڑے لٹ گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق واردات کا مقدمہ فیروز آباد تھانے میں متاثرہ شہری کی مدعیت میں 3 نامعلوم مسلح ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دن دو بجے کے قریب تین مسلح ملزمان ریسٹورنٹ میں داخل ہوئے اور انہوں نے اسلحے کے زور پر ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے کے لیے موجود شہریوں سے لوٹ مار شروع کردی، ڈاکو شہریوں سے 13 موبائل فونز اور نقدی چھین کر با آسانی فرار ہو گئے۔
فیروز آباد پولیس کے مطابق نجی ریسٹورنٹ میں لوٹ مار کی واردات اتوار کی دوپہر پیش آئی، واردات کے وقت ریسٹورنٹ کے باہر سیکیورٹی گارڈ موجود نہیں تھا جبکہ ریسٹورنٹ میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے خراب ہونے کہ وجہ سے پولیس کو سی سی ٹی وی فوٹیج نہیں مل سکی۔
پولیس نے متاثرہ شہری کی مدعیت میں واردات کا مقدمہ درج کر کے واردات میں ملوث ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔