پہلے ون ڈے میں بھی نیشنل اسٹیڈیم بھر نہ سکا

طلبا و طالبات کو مفت پاس جاری،سرفرازاور شان کے حق میں نعرے لگے

طلبا و طالبات کو مفت پاس جاری،سرفرازاور شان کے حق میں نعرے لگے۔ فوٹو: پی سی بی

کراچی میں کھیلے جانے والے پہلے ون ڈے میں بھی نیشنل اسٹیڈیم بھر نہ سکا جب کہ طلبا و طالبات کو میچ دیکھنے کیلیے مفت پاس جاری کیے گئے۔

کراچی میں کھیلے جانے والے پہلے ون ڈے کی ابتدا میں تماشائیوں کی تعداد 3 ہزار سے زیادہ نہیں تھی لیکن شام ڈھلتے اضافہ ہوگیا،تعداد بڑھ کر 10 ہزار کے لگ بھگ پہنچ گئی۔

پی سی بی کی جانب سے اسٹیڈیم کے اطراف میں تعلیمی اداروں کے طلبا و طالبات کو مفت پاس جاری کیے گئے، خصوصی بچے و افراد کو بھی پاسزملے، سہ پہر کو گرمی کے سبب تماشائی سائے کے متلاشی رہے، رات کو سردی ہونے پر ٹھٹھرتے رہے۔

شام کو اسٹیڈیم کا رخ کرنے والے تماشائی اپنے ہمراہ گرم کپڑے بھی لائے تھے، میچ کے موقع پر ہمیشہ کی طرح سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے، تماشائیوں نے راستے میں سہولیات کی عدم فراہمی کا شکوہ کیا، ذاتی گاڑیوں میں آنے والے پارکنگ کیلیے پریشان رہے۔


تماشائی اپنے ہمراہ مختلف نعروں پر مشتمل پوسٹرز اور بینرز بھی لائے تھے، نوجوان ٹولیوں کی شکل میں مسلسل نعرے بازی کرتے رہے، سرفراز احمد اور شان مسعود کو ٹیم میں شامل کرنے کے نعرے بھی لگائے گئے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ کے دوران تماشائی اپنے موبائل روشن کرکے خوبصورت سماں پیش کرتے رہے،میچ کے دوران کھانے کے اسٹالز پر تماشائیوں کا رش رہا تاہم شہریوں نے نرخ زیادہ ہونے کا شکوہ کیا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری بھی کھیل دیکھنے کیلیے نیشنل اسٹیڈیم پہنچے، پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے ارکان شکیل شیخ اور نعمان بٹ نے نئی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کیا،انھوں نے میڈیا سینٹر میں آکر صحافیوں سے ملاقات بھی کی۔

پی سی بی کے سابق سی ای او اور آئی سی سی کے جنرل منیجر وسیم خان بھی میچ دیکھنے کیلیے اسٹیڈیم آئے۔
Load Next Story