پنجاب اسمبلی میں داخلے سے روکنے کی کوشش پر عطا اللہ تارڑ طیش میں آگئے
سیکیورٹی حکام نے دروازے بند کردیے اور کہا کہ حکام نے ہدایات دی ہیں، بعدازاں عطا تارڑ رینجرز کے ساتھ اسمبلی میں داخل
پنجاب اسمبلی میں داخلے سے روکنے کی کوشش پر وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ طیش میں آگئے بعدازاں حفاظتی رینجرز کے ساتھ پنجاب اسمبلی میں داخل ہوئے اور کہا ہے کہ یہ وزرا کو داخلے سے کیسے روک سکتے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ کو پنجاب اسمبلی میں داخلے سے روکنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ آج پنجاب اسمبلی کے دروازے بند کر دئیے گئے، اسمبلی کے سیکیورٹی اسٹاف نے گاڑیوں کو داخلے سے روک دیا اسی طرح عطا تاڑر کی گاڑی کو بھی پنجاب اسمبلی میں داخلے سے روک دیا گیا۔ سیکیورٹی حکام کا کہنا تھا کہ سینئر حکام نے ہدایات دی ہیں کہ عطاتاڑر اندر نہیں جاسکتے۔
بعدازاں عطا تاڑ حفاظتی رینجرز اہلکار کے ساتھ اسمبلی میں داخل ہوگئے۔ اس دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطار تارڑ نے کہا کہ آج کہا گیا کہ وفاقی وزراء پنجاب اسمبلی نہیں آ سکیں گے، کہتے ہیں وفاقی وزراء عطاا للہ تارڑ، رانا ثنا اللہ اور سعد رفیق کو اسمبلی میں آنے کی اجازت نہیں، یہ وزراء کو کیسے روک سکتے ہیں؟ رانا ثنااللہ بھی آئیں گے اور دیگر لیڈران بھی آئیں گے۔
رکن اسمبلی خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ رات کو سیکریٹری اسمبلی نے کہا کہ عطااللہ تارڑ اور رانا ثنااللہ کو اندر جانے نہیں دیں گے، اگر کسی لیڈر کے ساتھ کوئی واقعہ ہوا تو پرویز الہی سمیت ان کے صاحبزادے ذمہ دار ہوں گے، پرویز الہی سے ذاتی حیثیت میں کہتا ہوں کہ ڈپٹی اسپیکر قتل ہوجائے تو اب بھی یہ کام نہیں ہونے دیں گے اگر اتنا ڈرتے ہیں تو اعتماد کا ووٹ لیں۔