کراچی میں ڈاکو راج سابق عالمی اسنوکر چیمپئن سمیت 15 افراد موبائل اور 6 لاکھ روپے سے محروم

ڈاکوؤں نے محمود آباد کے اسنوکر کلب میں داخل ہو کر سب کو یرغمال بنایا اور پُرسکون انداز میں کارروائی کر کے فرار ہوگئے

فوٹو سی سی ٹی وی

شہر قائد کے ضلع شرقی میں اسٹریٹ کرمنلز نے انٹرنیشنل اسنوکر پلیئر سمیت 15 افراد کو یرغمال بنا کر موبائل فونز اور لاکھوں روپے نقدی سے محروم کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈسٹرکٹ ایسٹ مسلسل ڈاکوؤں کے نشانے پر ہے ، رواں سال کے ابتدائی 10 دنوں میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں 2 صحافیوں سمیت درجنوں شہریوں کو ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر نقدی اور موبائل فونز کے محروم کر دیا۔

ڈسٹرکٹ ایسٹ میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں کے ساتھ ساتھ دکانوں میں لوٹ مار کے بعد ڈاکوؤں نے محمود آباد میں قائم اسنوکر کلب میں گھس کر وہاں پر موجود سابق انٹرنیشنل اسنوکر پلیئر سمیت 15 سے زائد افراد کی جامع تلاشی لیتے ہوئے انھیں لاکھوں روپے نقدی اور موبائل فونز سے محروم کر دیا۔

ڈاکوؤں نے اسنوکر کلب میں پُرسکون انداز سے لوٹ مار کی اور تھیلے میں موبائل فونز، نقدی جمع کر کے روانہ ہوئے۔ محمود آباد پولیس نے واقعہ کا مقدمہ نمبر 9 سال 2023 بجرم دفعہ 397 چونتیس کے تحت محمد خلیل کی مدعیت میں درج کرلیا جس میں مدعی مقدمہ نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ وہ محمود آباد کشمیر کالونی کا رہائشی ہے اور ڈکیتی کی یہ واردات اُن کے بھتیجے ملک عرفان کے اسنوکر کلب میں ہوئی جو محمود آباد گلی نمبر 4 سیکٹر اے بابا چوک ڈبل روڈ کشمیر کالونی میں واقعے ہے۔

مدعی مقدمہ نے بتایا کہ 8 جنوری کی رات تقریباً سوا ایک بجے کے قریب میں اسنوکر کلب میں موجود اور دیگر لڑکے عرفان ریاست ، وقاص ، کامران ، رضوان ملک سمیت دیگر 10 سے 12 لڑکے اسنوکر کھیلنے میں مصروف تھے کہ اس دوران 4 مسلح افراد داخل ہوئے اور آتے ہی اسلحہ تان کر سب کو دیوار کے سائیڈ پر کھڑا کر دیا اور سب سے موبائل فون اور نقدی چھین لی۔


انہوں نے بتایا کہ ڈاکوؤں نے مجموعی طور پر 25 موبائل فونز کے علاوہ مجھ سے 2 لاکھ 25 ہزار روپے ، عرفان سے 75 ہزار روپے ، وقاص سے 10 ہزار روپے ، کامران سے 40 ہزار روپے ، رضوان سے 15 ہزار روپے اور کاؤنٹر سے 2 لاکھ 47 ہزار روپے بھی چھین لیے۔

مدعی کے مطابق انھیں شبہ ہے کہ اسنوکر کے باہر بھی ان کے کچھ ساتھی موجود تھے جبکہ واردات میں ملوث ڈاکوؤں کی عمریں 20 سے 25 سال کے درمیان تھیں جبکہ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی موجود ہے اور ڈاکوؤں کے سامنے آنے پر انھیں شناخت کیا جا سکتا ہے۔

اسنوکر کلب میں لٹنے والوں میں دریں اثنا منطور کالونی کے علاقے میں بھی گزشتہ روز موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے چائے کے ہوٹل میں گھس کر وہاں پر موجود افراد کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنا کر لوٹا۔

ڈسٹرکٹ ایسٹ کے افسران کی ناقص کارکردگی کا خمیازہ شہری ڈاکوؤں کے ہاتھوں فائرنگ سے جان گنوانے ، موبائل فونز اور نقدی سمیت دیگر قیمتی اشیا چھین جانے کی صورت میں برداشت کر رہے ہیں جبکہ رواں سال کے دوران ڈسٹرکٹ ایسٹ میں خاتون سمیت 3 افراد ڈکیتی مزاحمت پر جان کی بازی ہار چکے اور متعدد افراد زخمی ہو چکے ہیں جس میں بہادر آباد تھانے کا اہلکار بھی شامل ہے۔

ڈسٹرکٹ ایسٹ کے علاقے ٹیپو سلطان اور گلشن اقبال میں سینئر صحافی عاجز جمالی اور کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کے سابق سیکریٹری طحہٰ عبیدی سے بھی ڈاکو قیمتی موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہو چکے ہیں اور لوٹ مار کے بعد فرار ہونے والے ڈاکوؤں کا ایک شہری نے تعاقب بھی کیا اور سچل کے علاقے میں ان کی موجودگی کے حوالے سے پولیس کو بتایا کہ لیکن پولیس کی جانب سے روایتی بے حسی کا مظاہرہ کیا گیا اور ڈاکو وہاں سے بھی نکل جانے میں کامیاب ہوگئے۔
Load Next Story