کراچی ڈاکو جہیز لوٹنے کے بعد گھر کے واحد کفیل بیٹے کو قتل کرکے فرار

مقتول مسجد کمیٹی کا رکن اور غیر شادی شدہ تھا، ڈاکوؤں کی تعداد ایک درجن سے زائد تھی، اہل علاقہ


ویب ڈیسک January 11, 2023
مقتول 33 سالہ سلمان ایمبرائیڈری کا کام کرتا تھا

سرجانی ٹاؤن کے علاقے یارو گوٹھ میں ڈاکوؤں نے گھر پر دھاوا بول دیا اور جہیز کا سامان لوٹنے کے بعد گھر کے بڑے بیٹے کو قتل کرکے فرار ہو گئے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق ڈاکوؤں کی تعداد ایک درجن سے زائد تھی جنہوں نے گھر میں اہل خانہ کو یرغمال بنا کر کو لوٹ مار کے بعد گھر کے بڑے بیٹے کو پیچھے آنے پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا ۔ڈاکو گھر سے بھاری مالیت کے طلائی زیورات ، موبائل فونز اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔

پولیس کے مطابق یارو گوٹھ سیکٹر سی مکان نمبر 319 میں فائرنگ سے جاں بحق نوجوان کی لاش اسپتال منتقل کی گئی، جس کی شناخت 33 سالہ سلمان ولد شکیل کے نام سے ہوئی۔ منگل اور بدھ کی درمیانی شب 2 ڈاکو دیوار پھلانگ کر گھر میں داخل ہوئے اور اندر سے گیٹ کھول کردیا۔ 4 ڈاکو گھر کی چھت پر گئے اور 4 گھر کے اندر داخل ہوگئے جب کہ 2 ڈاکو گھر کے باہر پہرہ دیتے رہے۔

ڈاکوؤں نے اہل خانہ کو یر غمال بنا کر الماریوں اور دیگر جگہوں سے بیٹی کی شادی کے لیے تیار کیے گئے طلائی زیورات ، قیمتی کپڑے اور دیگر سامان لوٹ کر ایک پوٹلی میں باندھا اور موٹرسائیکلوں پر فرار ہو گئے۔ اس دوران گھر کا بڑا بیٹا ان کے پیچھے للکارتا ہوا بھاگا تو ڈاکوؤں نے پلٹ کر فائرنگ کر دی جس سے سلمان کو 2 گولیاں لگیں اور سینے میں لگنے والی گولی جان لیوا ثابت ہوئی۔

مقتول سلمان 3 بھائیوں اور 4 بہنوں میں سب سے بڑا اور گھر کا واحد کفیل تھا۔ کپڑوں پر کمپیوٹرائزڈ ایمبرائیڈری کا کام کرتا تھا ۔مقتول کی 2بہنیں شادی شدہ جب کہ مقتول خود غیر شادی شدہ تھا ۔ سلمان علاقے کی مسجد کمیٹی کا رکن اور محلے سے مسجد کا چندہ بھی اکھٹا کرتا تھا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں