پنجاب بھر میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں نمایاں کمی

پنجاب کی مارکیٹ میں گزشتہ روز 20 لاکھ سے زائد سرکاری آٹے کے تھیلے پہنچائے گئے، ذرائع

جنوبی پنجاب میں نجی گندم کی قیمت میں 3800 روپے فی من کمی واقع ہوگئی جب کہ وسطی پنجاب میں گندم کی فی من قیمت میں 4300 روپے کے لگ بھگ کمی ہوئی، اس کے باوجود خرید و فروخت کم رہی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گزشتہ 3 روز کے دوران پنجاب میں نجی گندم کی قیمت 5200 روپے سے کم ہوئی ہے، 15 کلو والے نجی آٹے کے تھیلے کی قیمت میں بھی 200 روپے تک کمی آئی ہے جنوبی پنجاب میں قیمت 1800 روپے جب کہ لاہور سمیت سنٹرل پنجاب میں 2 ہزار روپے ریکارڈ کی گئی علاوہ ازیں محکمہ خوراک نے پنجاب بھر میں اسمگلرز اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاون کے دوران آٹے کی غیر قانونی منتقلی میں ملوث 296 فلور ملز کے خلاف ایکشن لیا گیا ہے۔

فلورملز پر 4 کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے جب کہ اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا کر29 ہزار ٹن گندم پکڑی گئی ہے، جبکہ خفیہ گوداموں میں ذخیرہ کی گئی 4157 ٹن گندم بھی برآمد کرلی گئی۔

اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے جرم میں 1500 ایف آئی آر درج کر کے 244 مال بردار گاڑیاں بند کی گئی ہیں جب کہ گندم کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف 201 جب کہ گندم اسمگلنگ کے 647 مقدمات درج کئے گئے ہیں، رپورٹ کے مطابق آٹے کی اسمگلنگ کے جرم میں 666 مقدمات درج ہوئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اندراجِ مقدمات میں راولپنڈی سر فہرست ہے جس پر سیکرٹری و ڈائریکٹر فوڈ پنجاب نے ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ راولپنڈی ڈویژن سلمان علی اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر راولپنڈی سفیان کی کارکردگی کو سراہا ہے۔


مزید برآں لاہور میں فلور ملز اور محکمہ خوراک میں نجی گندم کی پسائی کے معاملے پر اتفاق رائے ہوگیا ہے، فلور ملز اپنے سرکاری گندم کوٹہ کے برابر نجی گندم کی پسائی کرکے 15 کلو پیکنگ والا نجی آٹے کا تھیلا اضافی مقدار میں سپلائی کریں گی۔

دوسری جانب پنجاب میں 15 کلو نجی آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 150 تا 200 روپے تک کمی آئی ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ سرکاری کوٹہ کے برابر نجی گندم کی لازمی پسائی کے بعد نجی آٹا تیاری کی قیمت میں مزید کمی متوقع ہے تاہم فلور ملز انڈسٹری پریشان بھی ہے کہ اس پابندی کے سبب 15 کلو تھیلا جس مقدار میں تیار ہوگا اسے معمول کے آٹا ڈیلر نیٹ ورک میں فروخت کرنا ممکن نہیں کیونکہ سرکاری کوٹہ بڑھنے کے بعد نجی آٹا کی بلند قیمت کے سبب اس کی طلب کم ہوئی ہے۔

پنجاب کی مارکیٹ میں گزشتہ روز 20 لاکھ سے زائد سرکاری آٹے کے تھیلے پہنچائے گئے اور کئی دنوں کے بعد لاہور کی رجسٹرڈ دوکانوں پر سبز تھیلے والا آٹا وافر مقدار میں دکھائی دیا۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الہی اور چیف سیکرٹری عبداللہ سنبل حالیہ آٹا بحران پر قابو پانے کیلئے سیکرٹری فوڈ نادر چٹھہ اور ڈائریکٹر فوڈ شوذب سعید کی کارکردگی سے بہت مطمئن اور خوش ہیں اور انہوں نے دونوں افسروں کو مستقبل کیلئے بھی اسی ٹیم ورک اور منصوبہ بندی کے ساتھ آگے بڑھنے کی ہدایت کی ہے۔

مزید برآں گزشتہ روز بھی محکمہ خوراک نے صوبائی حکومت کو سرکاری گندم کی قیمت فروخت بڑھانے پر آمادہ کرنے کی ایک اور کوشش کی اس سے قبل بھی دو مرتبہ محکمہ خوراک کے حکام یہ کوشش کر چکے ہیں۔

محکمہ خوراک کی کوشش ہے کہ سرکاری گندم کی قیمت فروخت 2300 روپے سے بڑھا کر 3 ہزار تا 3150 روپے فی من کے درمیان مقرر کی جائے تاہم کشیدہ سیاسی صورتحال اور حکومتی بے یقینی کی وجہ سے صوبائی حکومت قیمت بڑھانے کے حوالے سے غیر مقبول اور مشکل فیصلہ کرنے سے گھبرا رہی ہے۔
Load Next Story