پرویز الہیٰ کی کامیابی نواز شریف اور مریم پارٹی کی صوبائی قیادت پر شدید برہم

نواز شریف نے معاملے پر فوری رپورٹ طلب کر لی، پارٹی ذرائع


ویب ڈیسک January 12, 2023

وزیراعلی پنجاب پرویز الہی کے اعتماد کے ووٹ لینے میں کامیاب ہونے پر پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف پارٹی کی صوبائی قیادت پر شدید برہم ہیں۔

پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف نے معاملے پر فوری رپورٹ طلب کر لی۔

نواز شریف نے استفسار کیا کہ پارٹی قیادت کو آگاہ کیا گیا تھا کہ تحریک انصاف کے کم از کم 7 ناراض اراکین پی ڈی ایم سے رابطوں میں ہیں، ناراض اراکین کیسے ووٹنگ کے لئے پہنچ گئے، انہیں مینیج کیوں نہیں کیا جا سکا۔

یہ بھی پڑھیں: پرویز الہیٰ پنجاب اسمبلی سے اعتماد کے 186 ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب

رانا ثناء اللہ نے نواز شریف اور مریم نواز کو معاملے پر ابتدائی رپورٹ پیش کرتے ہوئے مریم نواز کی فوری وطن واپسی کی تجویز دے دی۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز فوری وطن واپس نہیں آتیں تو پارٹی کو نقصان ہو سکتا ہے۔

رانا ثناء اللہ نے نواز شریف کو پنجاب اسمبلی کی تحلیل روکنے کے معاملے پر دستیاب آئینی و قانونی آپشنز پر بریفنگ دی۔

نواز شریف نے پنجاب اسمبلی کی ممکنہ تحلیل روکنے کے لئے ہر ممکن اقدام کرنے کی ہدایت کر دی۔ نواز شریف کی ہدایت پر وزیراعلی پنجاب کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروائے جانے کا امکان ہے۔

تحریک عدم اعتماد پر آج ہی اراکین کے دستخط کروا لئے جائیں گے۔ وزیراعلی کیخلاف تحریک عدم اعتماد مکمل کر کے نواز شریف کو رپورٹ پیش کی جائے گی۔

نواز شریف اور مریم نواز کی اجازت ملتے ہی وزیراعلی پنجاب کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروا دی جائے گی۔

نواز شریف نے رانا ثناء اللہ کو پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے بھی مزید مشاورت کرنے کی ہدایت کردی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں