بابراعظم کو ایک فارمیٹ میں کپتان بنانے پر غور شروع

پی ایس ایل 8 کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اہم فیصلے متوقع


سلیم خالق January 13, 2023
پی ایس ایل 8 کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اہم فیصلے متوقع (فوٹو: ٹوئٹر)

قومی کرکٹ ٹیم کی مسلسل خراب پرفارمنس پر بابراعظم کو محض ایک فارمیٹ میں ٹیم کا کپتان بنانے پر غور شروع کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز میں ناقص کارکردگی کے بعد بابراعظم کو محض ایک فارمیٹ میں کپتان بنانے پر غور شروع کردیا ہے۔ ٹیسٹ میں قیادت سرفراز احمد کو سونپنے کا امکان ہے،بابر اعظم بدستور ٹی ٹوئنٹی میں فرائض نبھاتے رہیں گے،شان مسعود کو ون ڈے میں کپتان بنانے کی باتیں ہورہی ہیں، اسی لیے انھیں نیوزی لینڈ سے ہوم سیریز میں نائب قائد کی ذمہ داری دی گئی لیکن ٹیم مینجمنٹ نے ابتدائی دونوں میچز میں نہیں کھلایا۔

پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی سمجھتی ہے کہ ٹاپ بیٹر پر کام کا دبائو بہت زیادہ ہے، بیٹنگ کے ساتھ انھیں قیادت کے معاملات بھی دیکھنا پڑتے ہیں،اسی لیے تینوں طرز میں الگ کپتان مقرر کرنے پر غور ہونے لگا ہے۔

مزید پڑھیں: کیا بابراعظم نے کیویز کیخلاف ''مفاد پرستانہ'' اننگز کھیلی؟ ٹوئٹر صارفین برہم

بابر کو ٹی20 میں قائد برقرار رکھے جانے کا قوی امکان ہے، ان کی زیرقیادت قومی ٹیم نے گزشتہ سال ورلڈکپ کا فائنل کھیلا تھا، ٹیسٹ میں ایک بار پھر سرفراز احمد کو ذمہ داری سونپی جا سکتی ہے، انھوں نے کیویز کےخلاف سب سے زیادہ رنز بنائے اور پلیئر آف دی سیریز قرار پائے، دوسرے ٹیسٹ میں سرفراز کی سنچری سے تقویت پاکر پاکستان نے شکست کو پرے دھکیلا تھا، ون ڈے میں شان مسعود کو کپتان بنانے کا امکان بڑھ گیا ہے۔

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ہوم سیزن کے اختتام پر بابراعظم کی کپتانی کے مستقبل فیصلہ ہوگا جبکہ ہیڈکوچ ثقلین مشتاق اور بولنگ کوچ شان ٹیٹ کے مدت ملازمت کے حوالے سے معاہدہ بھی فروری میں مکمل ہوجائے گا۔

مزید پڑھیں: پہلے ون ڈے میں نائب کپتان شان مسعود ٹیم کا حصہ نہ بن سکے

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے آئندہ عرصے میں چند اہم اور بڑے فیصلے متوقع ہیں، جس میں کپتان، کوچ، بالنگ کوچ اور سپورٹ اسٹاف شامل ہیں۔

عبوری چیئرمین نجم سیٹھی کی جانب سے شان مسعود کو نائب کپتان بنائے جانے کا فیصلہ بھی اس سلسلے کی ایک کڑی ہے جبکہ تینوں فارمیٹ میں بابراعظم کا اثر و رسوخ کم کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

اس سے قبل بھی رپورٹس گردش کررہیں تھی کہ قومی کرکٹ ٹیم کیلئے تینوں فارمیٹس میں الگ الگ کپتان مقرر کیے جاسکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں