جماعت اسلامی کراچی کا الیکشن کمیشن کے باہر دھرنا منسوخ

الیکشن کمیشن نے 15جنوری کو ہی بلدیاتی انتخابات کروانا کا فیصلہ کیا ہے


ویب ڈیسک January 13, 2023
فوٹو فائل

الیکشن کمیشن کی جانب سے 15 جنوری کو ہی بلدیاتی انتخابات کروانے کے فیصلے کے بعد جماعت اسلامی کراچی نے الیکشن کمیشن کے باہر دھرنا دینے کا اعلان منسوخ کر دیا۔

سندھ حکومت کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے فیصلے سے متعلق جماعت اسلامی کراچی نے الیکشن کمیشن کے باہر دوپہر 3 بجے دھرنے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم، الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد دھرنا منسوخ کر دیا گیا ہے۔

قبل ازیں، ادارہ نور الحق میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے سندھ حکومت کے اقدام کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان دھرنے میں کیا جائے گا جبکہ شہر کو مختلف جگہوں پر دھرنے دے کر بند بھی کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ مفادات کی خاطر اور عوام کے مینڈیٹ سے خوفزدہ ہو کر الیکشن ملتوی کیے گئے۔ عوام کو جمہوری اور سیاسی حق سے محروم کیا گیا، عوام کو آئینی، جمہوری اور قانونی حق سے محروم رکھنے کی مذمت کرتے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ عوام نے تمھیں مسترد کر دیا تم صرف اپنے لیے ڈیل کرتے ہو، ایم کیو ایم نے ہمیشہ کراچی کا مینڈیٹ و ڈیروں کو بیچا ہے، جونیئر پارٹیز کے طور پر ایم کیو ایم پیپلزپارٹی کی سہولت کار بنتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کےعوام میں غم و غصہ ہے، بلدیاتی الیکشن ملتوی ہونا جماعت اسلامی کا نہیں بلکہ عوام کا نقصان ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ ابھی سے کہنا شروع کر دیا ہے کہ ہم شریف کیا ہوئے سب بدمعاش ہوگئے، آجاؤ اور بدمعاشی کر کے دکھاؤ، ایم کیو ایم ہمیشہ پیپلز پارٹی سے سودے بازی کرتی رہی اور اب بھی رات کی تاریکی میں شب خون مارا گیا۔

واضح رہے کہ رات گئے سندھ حکومت نے کراچی، حیدر آباد اور دادو میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے نئی حلقہ بندیوں سے متعلق نوٹیفیکیشن بھی واپس لے لیا تھا۔

حکومتِ سندھ کے اعلیٰ سطحی اجلاس کے بات صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا تھا کہ سندھ کے باقی اضلاع میں بلدیاتی انتخابات معمول کے مطابق ہوں گے۔

دوسری جانب، محکمہ بلدیات سندھ نے کراچی ڈویژن اور ضلع حیدرآباد کی بلدیاتی حلقہ بندیاں منسوخ کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں