کینیا میچ فکسنگ پر 14 فٹ بالرز اور 2 کوچ معطل
فیفا کی جانب سے معطلی کے بعد نومبر میں کینیا کی انٹرنیشنل فٹ بال میں واپسی ہوئی تھی
کینیا کی فٹ بال فیڈریشن نے نیشنل لیگ میں میچ فکسنگ کے الزام پر اپنے 14 کھلاڑیوں اور دو کوچز کو معطل کر دیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیا کی فٹبال فیڈریشن کو نیشنل لیگ میں میچ فکسنگ کی اطلاعات ایک خفیہ رپورٹ کے ذریعے ملی تھی جس کے بعد تحقیقات کا آغاز کیا گیا اور الزام درست ثابت ہونے پر ان کھلاڑیوں اور کوچز کو معطل کیا گیا۔
یاد رہے کہ جن 14 کھلاڑیوں کو معطل کیا گیا ہے ان میں سے 6 کھلاڑی کریچو ایف سی کلب سے تعلق رکھتے ہیں جنہیں فیفا کی کمیٹی نے 2021 میں میچ فکسنگ پر کینیا پریمیئر لیگ سے نکال دیا تھا۔
کینیا میں میچ فکسنگ کا یہ پہلا کیس نہیں اس سے قبل 2020 میں فیفا نے کینیا کے چار کھلاڑیوں پر اسی الزام میں پر لیگ میچز کھیلنے پر پابندی لگائی تھی اور ایک کھلاڑی پر تو تاحیات پابندی لگائی گئی تھی۔
فیفا نے اس معاملے پر مزید تحقیقات کی تھیں اور بعد ازاں اسی سکینڈل میں ملوث کینیا کے پانچ ریفریز کو بھی معطل کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ گذشتہ برس فروری میں فیفا کی جانب سے معطلی کے بعد نومبر میں کینیا کی انٹرنیشنل فٹ بال میں واپسی ہوئی تھی۔