نامعلوم افراد نے یوسی 6 نارتھ کراچی کے بلدیاتی امیدوار سرور راجپوت کو فائرنگ کے زخمی کردیا۔
فراہم کردہ ابتدائی معلومات کے مطابق زخمی ہونے والے سرور راجپوت ایم کیو ایم کے کارکن ہیں۔ اس حوالے سے بتایا گیا کہ انہیں زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
خیال رہے کہ سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن کو ارسال مراسلے میں سکیورٹی فورسز کی عدم دستیابی کی بنا پر بلدیاتی انتخابات موخر کرنے کی درخواست کی تھی۔
خط میں کہا گیا تھا کہ چیف سیکرٹری سندھ کی زیر صدارت اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن بھی شریک تھے، اجلاس کے شرکاء کو سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کو درپیش سکیورٹی خدشات سے آگاہ کیا۔ وفاقی حکومت فوج اور رینجرز کی پولنگ سٹیشنز پر تعیناتی سے معذرت کرچکی ہے جبکہ حالات کا تقاضا ہے کہ پولنگ سٹیشنز پر فوج اور رینجرز کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔
کچھ شرابیوں کے درمیان جھگڑا ہوا تھا جن کا تعلق سیاسی جماعتوں سے ہے، پولیس
بعدازاں پولیس نے مذکورہ واقعہ سے متعلق کہا ہے کہ نیو کراچی صنعتی ایریا کے علاقے خمیسو گوٹھ میں جھگڑے کے دوران 2 افراد زخمی ہوگئے۔ اس حوالے سے ایس ایچ او چوہدری طفیل نے بتایا کہ کچھ شرابیوں کے درمیان جھگڑا ہوا تھا جن کا تعلق سیاسی جماعتوں سے ہے اور اس جھگڑے میں ایک شخص انگلی پر چوٹ لگنے سے زخمی ہوا۔
قائم مقام ایس پی نیو کراچی ڈویژن ڈی ایس پی کنور آصف نے بتایا کہ جھگڑے میں اکرم نامی شخص کی ناک پر چوٹ آئی ہے اور وہ تھانے آکر میڈیکل لیٹر بنوا کر عباسی شہید اسپتال گیا ہے جبکہ جھگڑے میں سرور نامی شخص کی انگلی زخمی ہوئی ہے اس نے پولیس سے ابھی تک کوئی رابطہ نہیں کیا اور پولیس اسے تلاش کر رہی ہے۔
انہوں نے اس بات کی تردید کی ہے کہ جھگڑے میں فائرنگ کی گئی تاہم پولیس اس حوالے سے مزید تحقیقات کر رہی۔