سیز فائرمیں توسیع کے لئے کارروائی روکی جائےطالبان قیادت کا پیغام

طالبان کمیٹی نےحکومت کوآگاہ کیا ہے کہ اجمل خان سمیت ان کی قید میں موجود بعض قیدیوں کی رہائی چند دن میں شروع ہوجائے گi


عامر خان April 06, 2014
طالبان کمیٹی نے فریقین پر زور دیا ہے کہ سیز فائر کے دوران متنازع بیانات سے گریز کیا جائے تاکہ امن کی کوششیں باآور ثابت ہوسکیں۔ فوٹو: فائل

UBAURO: طالبان کمیٹی نے طالبان قیادت کا حکومت کو پیغام دیا ہے کہ سیز فائر میں توسیع اورمستقل امن معاہدے کے لیے ضروری ہے کہ طالبان اور ان کے ذیلی گروپوں کے خلاف ملک کے مختلف حصوں میں کی جانے والی کارروائیاں فوری روکی جائیں، کیونکہ حالیہ دنوں میں مختلف شہروں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جو کارروائیاں کی گئی ہیں ان پر طالبان کے بعض رہنماؤں کو شدید تحفظات ہیں۔

تاہم اس معاملے پر وفاق نے جواب دیا ہے کہ اس امور کا جائزہ لے کر قانون کے مطابق اس کا ازالہ کیا جائے گا،طالبان شوریٰ نے وفاق کی جانب سے غیرعسکریت پسند قیدیوں کی رہائی کے عمل کو سراہا ہے۔ طالبان کمیٹی نے حکومت کو پیغام دیا ہے کہ طالبان قیادت میں سیز فائر میں مزید ایک ماہ یا غیر معینہ مدت کی توسیع کے لیے مشاورت کا عمل حتمی مراحل میں داخل ہوگیا ہے اور توقع ہے کہ فریقین کی دوسری براہ راست ملاقات کے بعد سیز فائر میں توسیع کردی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان سے حکومتی اور طالبان کمیٹیوں کی ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ طالبان کمیٹی طالبان شوریٰ سے رجوع کرکے کہے گی کہ سابق گورنرپنجاب سلمان تاثیر کے بیٹے شہبازتاثیر اورسابق وزیر اعظم یوسف رضاگیلانی کے صاحبزادے علی حیدرگیلانی کو جذبہ خیر سگالی کے تحت فوری رہاکردیا جائے تاکہ مذاکراتی عمل میں مزید پیش رفت ہوسکے،ذرائع کا کہنا ہے کہ طالبان کمیٹی نے حکومت کوآگاہ کیا ہے کہ پروفیسر اجمل خان سمیت طالبان کی قید میں موجود بعض قیدیوں کی رہائی کا سلسلہ چند دن میں شروع ہوجائے گا ،تاہم طالبان کمیٹی نے فریقین پر زور دیا ہے کہ سیز فائر کے دوران متنازع بیانات سے گریز کیا جائے تاکہ امن کی کوششیں باآور ثابت ہوسکیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں