لاہور میں ہیلمٹ نہ پہننے پر دو ہفتوں کے دوران 50 ہزار چالان
روڈ پر آنا ہے اور موٹر سائیکل چلانی ہے تو ہیلمٹ پہننا لازمی ہوگا، ڈاکٹر اسد ملہی
لاہور میں 14 روز کے دوران ٹریفک پولیس نے 50 ہزار سے زائد موٹر سائیکلوں کو ہیلمٹ نا پہننے پر چالان ٹکٹس جاری کردئیے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ٹریفک پولیس کی جانب سے ہیلمٹ نا پہننے والوں کے خلاف سختی سے کارروائی کا عمل جاری ہے، سال 2022 کے دوران 10 لاکھ 36 ہزار موٹر سائیکلسٹ کے خلاف کارروائی کی گئی تھی۔
اس حوالے سے ڈاکٹر اسد ملہی کا کہنا ہے کہ ہیلمٹ مہم ہیڈ انجری کیسز میں نمایاں کمی کا باعث ہے، اب شہریوں کی بڑی تعداد نے ہیلمٹ پہننا شروع کردئیے جوکہ خوش آئند ہے۔
سی ٹی او لاہور اسد ملہی نے واضح کیا کہ موٹر سائیکل چلانی ہے کہ ہیلمٹ لازمی پہننا ہوگا، کوئی بھی موٹرسائیکلسٹ بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلاتے نظر نہ آئے، روڈ پر آنا ہے تو ہیلمٹ پہننا لازمی ہے۔