کراچی میں کل سے سردی کی شدت میں کمی کا امکان
پیر کو سب سے کم درجہ حرارت مٹھی میں میں 1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا
محکمہ موسمیات کی جانب سے شہر قائد میں کل سے سرد موسم میں بتدریج کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، پیر کو کم سے کم پارہ 6.5 ڈگری ریکارڈ ہوا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو شہر کراچی میں موسم سرد اور خشک رہا جب کہ شہر کا کم سےکم درجہ حرارت 6.5 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 24.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، صبح کے اوقات میں ہلکی دُھند کے باعث حدِ نگاہ 3 کلومیٹر ریکارڈ ہوئی اور دن بھر شمال مشرقی جب کہ شام کے اوقات میں سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں جذوی طور پر بحال ہوئیں۔
محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق صوبہ سندھ میں سردی کی موجودہ لہر آج بھی برقرار رہ سکتی ہے، 18 جنوری سے سردی کی شدت میں کمی کا امکان ہے، جس کے بعد کم سے کم پارہ دوبارہ 11 ڈگری تک بڑھ سکتا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگلے 3 روز کے دوران شہر بلوچستان کی شمال مشرقی سمت کی ہواؤں کے زیر اثر رہ سکتا ہے تاہم شام کے وقت سمندری ہوائیں چل سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی سمیت دیہی سندھ کے مختلف اضلاع کے جاری اعداد و شمار میں بتایا کہ پیر کو سب سے کم درجہ حرارت مٹھی میں میں 1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، چھور میں 1.5 ڈگری، سکھر اور موہنجودڑو میں 1.8، پڈعیدن میں 2، ٹنڈوجام میں 3 ڈگری، دادو میں 4 ڈگری، شہید بے نظیرآباد میں 4.5، بدین میں 5.5، حیدرآباد میں 6.5 جب کہ ٹھٹھ میں 8 ڈگری رہا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں پیر کو سرکاری ویدر اسٹیشن (پہلوان گوٹھ ) پر کم سے کم پارہ 6.5 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، میٹ کمپلیکس (کراچی) 7.2 ڈگری، جناح ٹرمینل 7.6، پی اے ایف بیس مسرور 7.9 جب کہ پی اے ایف بیس فیصل 9.5 ڈگری ریکارڈ ہوا۔
واضح رہے کہ کراچی کا سرکاری ڈیٹا پہلوان گوٹھ پرواقع ویدراسٹیشن کے ذریعے مرتب ہوتا ہے،فیصل مسرور،میٹ کمپلیکس اورجناح ٹرمینل کو دوسرے درجے میں سرکاری ویدراسٹیشز کا درجہ حاصل ہے۔