ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سری لنکا نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا

سری لنکا نے 131 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 18 ویں اوور میں حاصل کرلیا، کمارسنگاکار میچ کے بہترین کھلاڑی قرار


ویب ڈیسک April 06, 2014
سری لنکا نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیت کر بھارت سے فائنل ہارنے کی روایت بھی ختم کردی۔ فوٹو: اے ایف پی

سری لنکا نے باآسانی بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی مرتبہ ورلڈ ٹی 20 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔


بنگلا دیش کے شہر میرپور کے شیر بنگلا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو مقررہ 20 اوورز میں بھارتی ٹیم 4 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنا سکی جبکہ سری لنکن ٹیم نے بھی 4 وکٹوں کے نقصان پر ہی اٹھارویں اوور میں باآسانی ہدف حاصل کرلیا، ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا اور صرف 5 کے مجموعی اسکور پر کشال پریرا پویلین لوٹ گئے جس کے بعد تلکارانے دلشان اور مہیلا جے وردھنے نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی لیکن دلشان بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹہر سکے اور 41 کے مجموعہ پر اشونت کی گیند پر ویرات کوہلی کو کیچ دے بیٹھے، 78 کے مجموعہ پر سری لنکن ٹیم کے 4 کھلاڑی میدان بدر ہوچکے تھے جس کے بعد سنگاکارا نے انتہائی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور تھسارا پریرا کے ساتھ ناقابل شکست 56 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔


سری لنکن ٹیم کا اسکور 100 رنز تک پہنچا تو میدان میں بھارتی ٹیم کے سپورٹرز کو سانپ سونگھ گیا اور تماشائی چہروں پر مایوسی لئے بھارتی ٹیم کی کامیابی کے لئے دعائیں کرتے رہے لیکن کمارسنگارا نے ناقابل شکست 52 رنز کی اننگ کھیل کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیت کر بھارت سے فائنل ہارنے کی روایت بھی ختم کردی۔


اس سے قبل سری لنکن بالرز کی جانب سے پوری اننگز کے دوران نپی تلی باؤلنگ کی گئی جس کے باعث بھارتی بلے بازوں کو کھل کو شارٹس کھیلنے کا موقع نہیں ملا لیکن ویرات کوہلی بہترین بلے بازی کرتے ہوئے 4 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 58 گیندوں پر 77 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں رویت شرما 29 اور یوراج سنگھ 11 رنز بنا سکے۔ سری لنکا کے نوان کولاسکرا، اینجلومیتھوز اور رانجنا ہیراتھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے والے کمارسنگاکارا کو مین آف دی میچ قراردیا گیا۔


واضح رہے کہ فائنل میچ کے بہترین کھلاڑی کمارسنگاکارا اور مہیلا جے وردھنے کا ٹی ٹوئنٹی کیرئیر کا یہ آخری میچ تھا جبکہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ فارمیٹ سے وہ پہلے ہی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرچکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں