صوبائی الیکشن کمیشن اورسندھ حکومت کی دھاندلی کیخلاف شدید مزاحمت کریں گے حافظ نعیم الرحمٰن

جماعت اسلامی کے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا، امیر جماعت اسلامی کراچی


ویب ڈیسک January 17, 2023
صوبائی الیکشن کمیشن اور سندھ حکومت کی اس دھاندلی کے خلاف جماعت اسلامی شدید مزاحمت کرے گی، امیر جماعت اسلامی کراچی—فائل فوٹو

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ دھاندلی کر کے جماعت اسلامی کے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے ادارہ نور حق میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے واضح اور دو ٹوک انداز میں اعلان کیا کہ جماعت اسلامی کے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکے خلاف خلاف شدید مزاحمت کی جائے گی، بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی شہر کی نمبر ون پارٹی بن کر سامنے آئی ہے اور ہم سادہ اکثریت کی جانب جا چکے ہیں لیکن ہماری واضح اکثریت کو کم کرنے کے لیے آر اوز کے دفاتر میں نتائج تبدیل کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 95یوسی میں ہمارے امیدواروں کے فارم 11 اور 12 ہمارے پاس موجود ہیں لیکن ان میں سے 9یوسیز کے نتائج میں آر او آفس میں سازش کے ذریعے غلط اعلان کر کے ہمیں ہارا ہوا ظاہر کیا گیا ہے، ان یوسیز میں اورنگی ٹاؤن کے یوسی نمبر 8,7,6,3 منگوپیر معمار یوسی 12، گلشن اقبال یوسی 1، مومن آباد یوسی 3اورماڈل کالونی یوسی 8،یوسی 1 صفوراٹاؤن شامل ہیں، اس کے علاوہ 10یوسیز میں ہم نے دوبارہ گنتی کی درخواست بھی الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے الزام لگایا کہ ہماری نشستیں کم کر کے 86کر دی گئی ہیں اور خود کو اوپر لایا گیا ہے اگر ہمارے مینڈیٹ پر شب ِ کون ختم نہ کیاگیا تو ہم ایسے تمام آر اوز کے دفاتر پر دھرنادیں گے جہاں دھاندلی کر کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا اور شہر بھر میں بھی اس ڈاکے کے خلاف احتجاج کی کال دی جائے گی۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اورنگی ٹاؤن یوسی 7 میں فارم 11 کے مطابق ہمارے اُمیدوار نے 7494ووٹ حاصل کیے جس کا ثبوت ہمارے پاس موجود ہے لیکن فارم 13میں ان ووٹوں کی تعداد کم کر کے 4500کر دی گئی اور اسی طرح یوسی 8ماڈل کالونی میں ہمیں فراہم کیے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ فارم 11میں ترازو کے نشان کو 5272ووٹ ملے لیکن فارم 13میں اس تعداد کو 2589کر دیا گیا اور ریٹرننگ آفسر منتخب نمائندوں کو نتیجہ دینے کے بجائے دھوکے بازی کرتے ہوئے خاموشی سے دیوار پر چسپاں کرکے چلا گیا جو سراسر دھاندلی اور اکثریت کو کم کرنے کی سازش ہے، اس کی تحریری شکایت ہم نے صوبائی الیکشن کمیشن کو ارسال کر دی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا اور بائیکاٹ کے اعلان کو مسترد کرتے ہوئے ترازو کے نشان پر مہر لگا کر مینڈیٹ دیا لیکن اب جماعت اسلامی کے عوامی مینڈیٹ پر شب ِ خون مارا جارہا ہے، جماعت اسلامی اسے ہر گز قبول نہیں کرے گی۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہم واضح کردینا چاہتے ہیں کہ صوبائی الیکشن کمیشن اور سندھ حکومت کی اس دھاندلی کے خلاف جماعت اسلامی شدید مزاحمت کرے گی اور عوامی مینڈیٹ کے تحفظ کے لیے ہر قسم کے آئینی و قانونی اور جمہوری طریقے استعمال کرے گی، ہم عدالتوں میں بھی جائیں گے اور سڑکوں پر بھی عوام قوت و طاقت کا مظاہرہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کہ اگر ہمارا میئر آنے سے روکا گیا تو پھر ہمارے پاس تمام آپشن موجود ہیں، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی شہر میں سب سے بڑی سیاسی و انتخابی قوت بن کر سامنے آئی ہے اور عوام نے ہماری حق دو کراچی تحریک پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ ہم اہل کراچی سے بھرپور اظہار تشکر کرتے ہیں کہ جنہوں نے الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے شدید ابہام اور گومگو کے باوجود گھروں سے نکل کر ایک معقول تعداد ووٹ دیا، ترازو کو کامیاب کروایا اور مسترد کر دیا ان عناصر کو کہ جو چاہتے تھی کہ کوئی گھر سے ہی نہ نکلے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں