دی گریٹ گاما پہلوان پر فیچر فلم کی تیاری شروع گاما کون بنے گا
دی گریٹ گاما پر بنائی گئی فلم میں ان کی ذاتی زندگی اور اکھاڑے کے تمام اہم پہلو اجاگر کیے جائیں گے
بلاک بسٹر لالی ووڈ فلم 'دی لیجنڈ آف دی مولا جٹ' کے مصنف ناصر ادیب نے برِصغیر کے مشہور پہلوان 'دی گریٹ گاما' پر فلم لکھنا شروع کر دی۔
حال ہی میں غیر ملکی میڈیا کو دیئے ایک انٹرویو میں ناصر ادیب نے بتایا کہ وہ گاما پہلوان پر فلم لکھ رہے ہیں جس پر انہیں فخر ہے کیونکہ رستم زماں گاما دنیا کا سب سے طاقتور ترین آدمی تھا جس کو کبھی کوئی ہرا نہیں سکا تھا۔
ناصر ادیب کا کہنا ہے کہ یہ ایک صدی کی کہانی ہے جسے ڈھائی گھنٹے میں بیان کیا جائے گا، ان کا دعویٰ ہے کہ جب یہ فلم بن جائے گی تو دیکھنے والے اس میں 1878 سے 1947 تک کا دور دیکھیں گے شائقین کو ایک اصلی ہیرو کی کہانی دیکھنے کو ملے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس فلم میں مکمل مصالحے ہوں گے، یہ فلم ایک کمرشل فلم ہوگی جس میں رومانس، ہیروئین، اور ولن بھی ہوں گے جبکہ ایک گانا بھی شامل کیا جائے گا ناصر ادیب کا کہنا تھا کہ فلم میں لڑائی کے ساتھ ساتھ مزاح اور جذبات بھی فلمائے جائیں گے۔
ناصر ادیب کا کہنا تھا کہ دی گریٹ گاما پر بنائی گئی فلم میں ان کی ذاتی زندگی اور اکھاڑے کے تمام اہم پہلو اجاگر کیے جائیں گے۔ تاہم فلم میں گاما پہلوان کا کردار کون کرے گا یہ اب فیصلہ فلم کی کہانی مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ ناصر ادیب پاکستان کے مشہور مصنف اور نامہ نگار ہیں جن کی لکھی ہوئی بلاک بسٹر فلم دی لیجنڈ آف دے مولا جٹ نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں خوب پزیرائی حاصل کی ہے جبکہ یہ دنیا بھر سے سب سے زیادہ کمائی کرنے والی پاکستانی فلم بن چکی ہے۔