تحریک انصاف کے مزید 34 اور شیخ رشید کے قومی اسمبلی سے استعفے منظور
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ارکان کے ڈی نوٹی فائی ہونے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا
اسپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی کے مزید 34 اور شیخ رشید احمد کے قومی اسمبلی سے استعفی منظور کرلیے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی نے ایوان کی رکنیت سے استعفی دے دیا تھا، اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کچھ استعفی منظور کرلیے تھے تاہم بقیہ استعفی منظور نہیں کیے اور منظوری کے لیے انہیں فرداً فرداً پیش ہونے کا کہا تھا۔
تحریک انصاف نے پہلے تو انفرادی طور پر ارکان کی پیشی سے انکار کیا بعدازاں حکومت گرانے اور عام انتخابات کے لیے ارکان کی انفرادی یا اجتماعی پیشی کے لیے ہامی بھری تاہم استعفے منظوری کے مراحل سے نہ گزر سکے۔
یہ پڑھیں : قومی اسمبلی میں واپس جاسکتے ہیں، عمران خان
ایک روز قبل تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے قومی اسمبلی میں واپسی کا بیان جاری کیا اور کہا تھا کہ ہم اسمبلی میں واپس جاسکتے ہیں جب کہ چند روز قبل انہوں نے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کا بھی عندیہ دیا تھا اور اس فیصلے کی تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت نے منظوری بھی دی تھی تاہم آج ارکان اسمبلی کے استعفے منظور ہونے کی خبر سامنے آگئی ہے۔
آج اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے مزید 35 ارکان اسمبلی کے استعفی منظور کرلیے ہیں۔ اس حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ارکان کو ڈی نوٹی فائی کرنے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : عمران خان نے وزیراعظم کیخلاف اعتماد کے ووٹ کی کارروائی کی منظوری دیدی
جن ارکان کے استعفی منظور کیے گیے ہیں ان میں پی ٹی آئی کے مراد سیعد، عمر ایوب، اسد قیصر، پرویز خٹک، عمران خٹک، شہریار آفریدی، علی امین خان، نور الحق قادری، راجہ خرم شہزاد نواز، علی نواز اعوان، اسد عمر، صداقت علی خان، غلام سرور خان، منصور حیات خان، فواد احمد (فواد چوہدری)، ثنا اللہ خان مستی خیل، محمد حماد اظہر، شفقت محمود خان، ملک محمد عامر ڈوگر، شاہ محمود قریشی، زرتاج گل، فہیم خان
سیف الرحمان، محمد عالمگیر خان، سید علی حیدر زیدی، آفتاب حسین صدیقی، عطا اللہ، آفتاب جہانگیر، محمد اسلم خان، محمد نجیب ہارون، محمد قاسم خان سوری، عالیہ حمزہ، کنول شوذب اور شیخ رشید کے شامل ہیں۔
علاوہ ازیں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور پی ٹی آئی کے اتحادی شیخ رشید کا استعفیٰ بھی اسپیکر نے مںظور کرلیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اسپیکر ہمارے 125 استعفے ایک ساتھ منظور کر کے ڈی نوٹیفائی کرے، شاہ محمود
اسی طرح مخصوص نشستوں پر عالیہ حمزہ ملک اور کنول شوزب کے استعفے بھی منظور کرلیے گئے ہیں۔