پی ٹی آئی کی 35 خالی نشستوں پر ضمنی الیکشن میں پی ڈی ایم حصہ نہیں لے گی فضل الرحمان
پی ڈی ایم الیکشن میں حصہ کیوں نہیں لے گی اسکی وجہ بعد میں بتائیں گے، سربراہ
جمیعت علما اسلام اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے 35 اراکین قومی اسمبلی کی خالی نشستوں پر الیکشن میں پی ڈی ایم حصہ نہیں لے گی۔
پشاور میں صحافیوں سے مختصر گفتگو میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ڈی ایم ان 35 نشستوں پرالیکشن میں حصہ نہیں لے گی جن کے اسپیکرنے تحریک انصاف کے استعفے منظورکیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم الیکشن میں حصہ کیوں نہیں لے گی اسکی وجہ بعد میں بتائیں گے۔
واضح رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اسد عمر، پرویز خٹک، مراد سعید سمیت پی ٹی آئی کے 35 اراکین کے استعفے منظور کر کے نوٹی فکیشن جاری کیا ہے جس کے بعد الیکشن کمیشن نے بھی مذکورہ اراکین کو ڈی نوٹی فائی کردیا۔
مزید پڑھیں: تحریک انصاف کے مزید 35 ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور
ایک روز قبل تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے قومی اسمبلی میں واپسی کا بیان جاری کیا اور کہا تھا کہ ہم اسمبلی میں واپس جاسکتے ہیں جب کہ چند روز قبل انہوں نے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کا بھی عندیہ دیا تھا اور اس فیصلے کی تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت نے منظوری بھی دی تھی تاہم آج ارکان اسمبلی کے استعفے منظور ہونے کی خبر سامنے آگئی ہے۔
جن ارکان کے استعفی منظور کیے گیے ہیں ان میں مراد سعید، عمر ایوب، اسد قیصر، پرویز خٹک، عمران خٹک، شہریار آفریدی، قاسم سوری، نجیب ہارون،ا سلم خان، آفتاب جہانگیر، عطاء اللہ، آفتاب حسین صدیقی، علی حیدر زیدی، عالمگیر خان، سیف الرحمان، فہیم خان، زرتاج گل، شاہ محمود حسین قریشی شامل ہیں، ملک عامر ڈوگر، شفقت محمود، حماد اظہر، ثناء اللہ مستی خیل، فواد احمد، منصور حیات اور دیگر شامل ہیں۔