کراچی بزرگ شہری کو 11 برس سے بیٹی کی تلاش پولیس افسران عدالت طلب

لاپتا افراد کا سراغ نہ لگایا گیا تو آئی جی سندھ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیں گے، جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو


کورٹ رپورٹر January 19, 2023
(فوٹو فائل)

شہر قائد کا بزرگ شہری 11 برس سے بیٹی کی تلاش میں سرگرداں ہوکر لاکھوں روپے کا مقروض ہوگیا۔ عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے پولیس افسران کو طلب کرلیا۔

کراچی پولیس 11 سال بعد بھی گم شدہ کم سن لڑکی کا سراغ نہیں لگا سکی۔ سندھ ہائیکورٹ نے ناکامی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن اے وی سی سی کو طلب کرتے ہوئے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔

جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو کی سربراہی میں 2رکنی بینچ کے روبرو 11 سال سے گمشدہ کم سن لڑکی کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ لڑکی کے والد نے بتایا کہ بیٹی مریم کو 11 برس سے ڈھونڈ رہا ہوں، اور اس تلاش میں 28 لاکھ روپے کا مقروض ہوچکا ہوں۔ آخر کار ہمیں انصاف کون دے گا؟ بتایا جائے انصاف کے لیے غریب آدمی کہاں جائے؟

بزرگ شہری نے عدالت میں دہائی دیتے ہوئے کہا کہ لڑکی کی گمشدگی کے بعد تاوان کے لیے فون آتے رہے، پولیس نے اُن کی بھی تحقیقات نہیں کی۔ ملک کی پولیس ٹھیک ہوجائے تو کوئی مظلوم دھکے کھانے پر مجبور نہ ہو۔

عدالت نے لڑکی کی تلاش میں ناکامی پر پولیس حکام پر اظہار برہمی کیا۔ جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو نے ریمارکس دیے کہ لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق پولیس کارکردگی مایوس کن ہے۔ لاپتا افراد کا سراغ نہ لگایا گیا تو تفتیشی افسر اور آئی جی سندھ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیں گے۔ مجبور نہ کیا جائے ورنہ جو بھی ذمے دار ہوگا، ان سب کے خلاف کیس دائر کرنے کا حکم دے سکتے ہیں۔

عدالت نے استفسار کیا کہ جے آئی ٹیز اور صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس ماہانہ کیوں نہیں منعقد کیا جاتا؟ عدالت نے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن اے وی سی سی کو طلب کرتے ہوئے 13 فروری کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |