کم کارڈیشین نے لیڈی ڈیانا کا پہنا ہوا مہنگا ترین لاکٹ خرید لیا
لیڈی ڈیانا کے زیر ملکیت یا پہننے والے زیورات بہت کم مارکیٹ میں آتے ہیں، سوتھبی نیلام گھر
امریکی ماڈل اور سوشل میڈیا اسٹار کم کارڈیشین نے لیڈی ڈیانا کا پہنا ہوا خوبصورت اور مہنگا ترین لاکٹ خرید لیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق کم کارڈیشین نےنیلم اور ہیرے سے جڑا ہوا لیڈی ڈیانا کا 'عطا اللہ لاکٹ' خرید لیا جو کہ ڈیانا کو کئی مرتبہ خصوصی تقریبات میں پہنے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
یہ لاکٹ قیمتی اشیاء فروخت کرنے والی کمپنی سوتھبی کی جانب سے نیلام کیا گیا ہے جس کو کم کارڈیشین کے ترجمان نے ماڈل کے کہنے پر خریدا ہے۔
سوتھبی کے مطابق کم کارڈیشین نے لیڈی ڈیانا کے اس قیمتی لاکٹ کو 163,800 پاؤنڈ ز یعنی 202,300 امریکی ڈالرز میں خریدا ہے۔
سوتھبی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لیڈی ڈیانا کے زیر ملکیت یا پہننے والے زیورات بہت کم مارکیٹ میں آتے ہیں، خاص طور پر عطااللہ کراس جیسا لاکٹ جو بہت رنگین، خوبصورت اور خاص ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کم کارڈیشین نے میٹ گالا میں ہیروں سے جڑا ہوا لباس پہنا تھا جو ہالی ووڈ کی سب سے پہلی سپر اسٹار مارلن منرو نے 1962 میں اس وقت کے صدر جان ایف کینیڈی کی سالگرہ کے موقع پر پہنا تھا۔