کیپٹن ر صفدر کارِ سرکار میں مداخلت اور ہنگامہ آرائی کیس سے بری

مریم نواز 29 جنوری کو پاکستان پہنچیں گی، ان کا استقبال نواز شریف کے استقبال کی ریہرسل ہوگا، پیشی کے موقع پر گفتگو


ویب ڈیسک January 19, 2023
(فوٹو فائل)

مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر کو سول جج عمران اکرم کی عدالت نے کارِ سرکار میں مداخلت اور ہنگامہ آرائی کے کیس سے بری کردیا۔

تھانہ سٹی راولپنڈی میں درج کارِ سرکار میں مداخلت اور ہنگامہ آرائی کے مقدمے کے کیس کی سماعت میں کیپٹن (ر) صفدر پیش ہوئے۔ 2018ء میں نیب عدالت سے سزا کے بعد ریلی نکالنے پر درج اس مقدمے میں 15 ملزمان پہلے ہی بری ہو چکے ہیں۔ آج ہونے والی سماعت میں عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا، جسے بعد میں جاری کردیا گیا۔

قبل ازیں مقدمے کی سماعت سے قبل راولپنڈی کچہری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ نواز شریف سے پہلے مریم نواز 29 جنوری کو لاہور پہنچیں گی، جہاں ان کا شان دار استقبال کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جنرل باجوہ کی مداخلت نے ملک سے آٹا ختم کردیا، جنرل مشرف کی مداخلت سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا اور ججز کی مداخلت نے بھی ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ۔

کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا تھا کہ جنرل باجوہ اب کسی شادی، تعزیت، تقریب یا بازار جانے کے بھی قابل نہیں رہے۔ جنہوں نے ہماری حکومت کو ڈی ریل کیا، ان پر آرٹیکل 6 لگے گا۔ جن ججوں اور جرنیلوں نے پاکستان کو اس حالت میں پہنچایا، ان سب کو بے نقاب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کیا جنرل ضیا، مشرف، باجوہ، جنرل فیض نے ٹھیک کیا؟۔جنرل باجوہ اور جنرل فیض حمید کے پس پردہ مارشل لا نے عوام کو آٹے سے محروم کردیا۔ موجودہ ملکی صورت حال کا ذمے دار فیض حمید اور ثاقب نثار ٹولہ ہے۔

میڈیا سے گفتگومیں انہوں نے مزید کہا کہ ہم عدالتوں کو نشانہ نہیں بنا رہے لیکن آج بھی جسٹس منیر اور جسٹس ارشاد جیسے کردار موجود ہیں۔ ملک کو اس نہج پر پہنچانے والے پاناما کے اندرون خانہ بلیک میلر ججز ہیں۔ عدالتوں نے کبھی ریاست یا سیاست دانوں کو نہیں بلکہ اپنی پنشنوں کو بچایا۔ جسٹس ثاقب نثار گروپ نے سپریم کورٹ کے ججز کو بدنام کیا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد اور مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا تھا کہ مریم نواز واپس آکر پاکستان کے خلاف سازش کرنے والوں کو بے نقاب کریں گی۔ مریم نواز اور نواز شریف کا استقبال فیض حمید اور ثاقب نثاری ٹولے کو بہا کر لے جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز دونوں پاکستان آ رہے ہیں۔ مریم نواز کا استقبال، نواز شریف کے استقبال کی ریہرسل ہوگی۔

کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا تھا کہ مریم نواز 29 جنوری کو شام 4 بجے لاہور ائرپورٹ پہنچیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |