بھارت کے یوم جمہوریہ سے قبل دارالحکومت میں خالصتان کے حق میں نعرے درج
نئی دہلی کے پچھم وہار علاقے کی ایک دیوار پر خالصتان زندہ باد اور سکھ فارجسٹس کے نعرے لکھے دیکھے گئے
بھارت کے یوم جمہوریہ سے قبل ہی راجدھانی نیودہلی کی دیواروں پر خالصتان زندہ باد اور سکھ فارجسٹس کے نعرے لکھ دیئے گئے ہیں جس سے دہلی پولیس میں کھلبلی مچ گئی ہے۔
نئی دہلی کے پچھم وہار علاقے کی ایک دیوار پر خالصتان زندہ باد اور ایس ایف جے (سکھ فارجسٹس ) کے سلوگن لکھے دیکھے گئے۔ مقامی لوگوں کی اطلاع پر دہلی پولیس نے دیوار پر لکھے یہ نعرے مٹا دیئے ہیں اور نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
بھارت 26جنوری کو یوم جمہوریہ منا رہا ہے، اس حوالے سے دارالحکومت میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جارہے ہیں لیکن اس کے باوجود دہلی کی دیواروں پر خالصتان کی حمایت میں نعرے لکھے جارہے ہیں۔
بھارت نے فروری 2022 میں خالصتان کا نام استعمال کرنے سمیت اس سے جڑی تنظیموں پر پابندی عائد کر دی تھی۔ جبکہ جنوری 2021 میں سکھ فارجسٹس کے سربراہ گورپتونت سنگھ پنوں نے لال قلعہ پر خالصتان کا جھنڈا لہرانے والوں کے لیے انعام کا اعلان کیاتھا۔۔یہ وہ وقت تھا جب نئی دہلی میں ہزاروں کسان احتجاج کررہے تھے۔
تازہ واقعہ کے حوالے سے بھارتی پولیس کا بیان سامنے آیا ہے کہ متنازعہ وال چاکنگ مٹا دی گئی ہے اور ابھی تک کسی ملزم کو گرفتارنہیں کیا جاسکا ہے۔