پولیس 67 سے زائد ملزمان کے مقدمات کی تحقیقات مکمل کرنے میں ناکام

60 مقدمات کے چالان عدالت میں جمع نہیں کرائے گئے ،15 پولیس افسران عدالت اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کرچکی ہے


Arshad Baig April 07, 2014
60 مقدمات کے چالان عدالت میں جمع نہیں کرائے گئے ،15 پولیس افسران عدالت اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کرچکی ہے۔ فوٹو: فائل

جرائم پیشہ افراد کے خلاف 7ماہ سے جاری آپریشن کے دوران سنگین الزامات میں گرفتار 67 سے زائد ملزمان کے مقدمات کی تحقیقات مکمل کرنے میں پولیس ناکام ہوگئی،60 مقدمات کے چالان تاحال عدالت میں جمع نہ ہوسکے۔

عدالت نے 15 پولیس افسران کواظہار وجوہ کے نوٹس جاری کیے ہیں، پراسیکیوٹر نے ایس ایس پی انوسٹی گیشن کو پولیس افسران کی نااہلی سے متعلق رپورٹ ارسال کردی ہے، تفصیلات کے مطابق پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری آپریشن کے دوران پیر آباد ، سائٹ ، بلدیہ کے علاقے سے فتح رحمت ، سمیع اﷲ ، ناصر خان ، عرفان ،کامران ، طارق سعید ، فرحان سمیت دیگر ملزمان کو قتل ، اقدام قتل ، اسلحہ ایکٹ ، منشیات، اغوا برائے تاوان اور پولیس مقابلے کے بعد گرفتار کرنے کا دعوی کیا تھا ،67سے زائد ملزمان کو ضلع غربی کی مختلف عدالتوں میں پیش کیا اورتحقیقات کیلیے ان ملزمان کا جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کیا تھا۔

ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد عدالتوں نے مذکورہ ملزمان کوجیل بھیج دیا تھا اور تمام مقدمات کے تفتیشی افسران کو تحقیقات مکمل کرکے ضابطہ فوجداری کی ایکٹ173کے تحت ملزمان کے خلاف چالان جمع کرانے کا حکم دیا تھا ، 4 ماہ گزر جانے کے باجود 60مقدمات میں ملوث 67سے زائد ملزمان کے خلاف پولیس تحقیقات مکمل کرنے میں ناکام ہوگئی ،چالان تاحال عدالتوں میںجمع نہیں کرائے ہیں، فاضل عدالتوں نے چالان کی تاخیرپر سرکاری وکلاشمیم احمد و دیگر سے تفصیلات طلب کیں۔

اس موقع پر سرکاری وکیل سید شمیم احمد نے عدالتو کو بتایا کہ انھوں نے 19مارچ کو سیشن جج ،ایس ایس پی انویسٹی گیشن وسطی ، ایس ایچ او پیر آباد ، و دیگر ذمے دار اعلیٰ افسران کو تفتیشی افسران کی نااہلی سے متعلق رپورٹ ارسال کردی تھی اور انھیں آگاہ کیا تھا ،قتل کے4، اسلحہ ایکٹ کے26،پولیس مقابلہ اقدام قتل کے 9 ، منشیات فروشی کے 9 ، اقدام قتل کے 3، اغوا میں ملوث ملزمان کے خلاف2 ، ذیادتی کے 6اور شہری کو زخمی کرنے کے الزام میں ایک ودیگرمقدمات کے چالان عدالتی حکم کے باجود جمع نہیں کرائے گئے ،ذمے دار افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کی بھی استدعا کی تھی، پراسیکیوٹر نے ارسال کردہ رپورٹ عدالت میں جمع کرائی تھی ، فاضل عدالت نے وکیل سرکار کی رپورٹ پر تفتیشی افسران ایس ایچ او فصیح الزمان ، سب انسپکٹرزعبدالرحمن ،شفیق جاوید ، اسسٹنٹ سب انسپکٹر شعیب جیلانی ، سعید خان ،شکیل خان ، اور محمد علی سمیت13پولیس افسران کو شوکار نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا ہے اور مذکورہ مقدمات کے چالان 2 روز میں جمع کرانے کیلیے آخری وارننگ بھی دی ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں