مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی نے سرکاری رائفل سے خودکشی کرلی

اہلکار کی شناخت لائس نائیک شیو کمار کے نام سے ہوئی ہے


ویب ڈیسک January 20, 2023
بھارتی فوجی کی خود کشی کا واقعہ ضلع کپواڑا میں پیش آیا، فوٹو: فائل

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے اہلکار نے سرکاری رائفل سے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع کپواڑا میں فوجی کیمپ میں فائرنگ کی آواز سے اہلکاروں اور افسران کی دوڑیں لگ گئیں، جائے وقوعہ پر ایک اہلکار کو خون میں لت پت پایا۔

اہلکار کی لاش کے ساتھ اس کی سرکاری رائفل بھی پڑی تھی۔ بھارتی فوجیوں نے اپنے ساتھیوں کو قریبی ملٹری اسپتال منتقل کیا لیکن وہ زیادہ خون بہہ جانے کے باعث دوران علاج ہی ہلاک ہوگیا۔

بھارتی فوجی اہلکار نے سرکاری رائفل سے سر میں گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا تھا۔ خودکشی کرنے والے اہلکار کی شناخت لائس نائیک شیو کمار کے نام سے ہوئی ہے۔

لاش کو ضروری کارروائی کے بعد آبائی علاقے روانہ کردیا گیا اور واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔ تاحال خودکشی کی وجہ کا تعین نہیں کیا جا سکا۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کم ہمتی اور خوف کے باعث بھارتی فوج کے اہلکاروں میں خودکشی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ 2007 سے اب تک 560 سے زائد اہلکار خودکشی کرچکے ہیں جن میں اعلیٰ افسران بھی شامل ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں