سعید اجمل بھی پاکستانی ٹیم کی کوچنگ کے خواہشمند

پاکستانی ٹیم کے ساتھ بطور کوچ کام کرنے کا موقع ملا تو ضرور اس میں بہتری لانے کی کوشش کروں گا، سابق ٹیسٹ کرکٹر


Muhammad Yousuf Anjum January 20, 2023
فوٹو : سوشل میڈیا

سابق ٹیسٹ کرکٹر سعید اجمل بھی پاکستانی ٹیم کی کوچنگ کے خواہمشندوں میں شامل ہوگئے۔

کرکٹ پاکستان سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سعید اجمل نے کہا کہ اسلام آباد یونائٹیڈ کے ساتھ کام کرکے بہت تجربہ حاصل کرچکا ہوں، اگر پاکستانی ٹیم کے ساتھ بطور کوچ کام کرنے کا موقع ملا تو ضرور اس میں بہتری لانے کی کوشش کروں گا۔ غیر ملکی کوچز کو جتنے پیسے دیے جاتے ہیں، اس سے کم معاوضہ بھی پاکستانی کوچز کو ملے تو وہ بھی ٹیم کو بلندیوں پر پہنچا سکتے ہیں۔

شہرہ آفاق اسپنر نے ملک میں کوالٹی اسپنرز نہ ہونے کو لمحہ فکریہ قرار دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ماضی میں اسپن بولنگ کے شعبے نے پاکستانی ٹیم کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کیا، اب ایسا کچھ دکھائی نہیں دے رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستانی ٹیم کی پرفارمنس دیکھ کر بہت مایوسی ہوئی، جب تک اچھے اسپنرز نہیں ہوں گے تب تک توقعات کے مطابق نتائج نہیں ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جو ہمارے پاس اسپنرز ہیں، ان پر ابھی بہت کام کرنے کی ضرورت ہے، نوجوان اسپنر ابرار احمد کو بھی بولنگ کرتے ہوئے دیکھا ہے، پی ایس ایل میچز کے دوران ان کے ساتھ خود کام کروں گا تاکہ ان کی بولنگ میں مزید کاٹ لائی جا سکے۔

سعید اجمل نے کہا کہ پاکستانی پچز پر تنقید درست نہیں، ایک اچھا اسپنر وہی ہوتا ہے جو ہر طرح کی پچز پر ٹرن کروا سکے۔ ٹیسٹ میچز میں فاسٹ بولرز کی کارکردگی بھی تسلی بخش دکھائی نہیں دی، ٹیسٹ کرکٹ میں بہتری کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے۔

دوسرا کے موجد جادوگر اسپنر نے کہا کہ کپتان کی تبدیلی مسائل کا حل نہیں، بابر اعظم کو سمجھانے کی ضرورت ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں