سیاسی سطح پر مشاورت شروع وفاق کا ناراض بلوچوں سے بھی مذاکرات کا فیصلہ

چوہدری نثار مذاکراتی عمل کی نگرانی کرینگے،ناراض بلوچوں کوقومی دھارے میں لانے کیلیے پالیسی کافریم ورک تیار کیاجائے گا


عامر خان April 07, 2014
چوہدری نثار مذاکراتی عمل کی نگرانی کرینگے،ناراض بلوچوں کوقومی دھارے میں لانے کیلیے پالیسی کافریم ورک تیار کیاجائے گا. فوٹو: فائل

وفاق بلوچستان میں ناراض بلوچ رہنمائوں کوقومی دھارے میں لانے کیلیے ان سے بھی امن مذاکرات شروع کرے گی۔

ذرائع کا کہناہے کہ وزیراعظم نوازشریف نے بلوچستان میں امن کے قیام،وہاں بعض رہنمائوں کی شکایات کے ازالے اورمسائل کے حل کیلیے سیاسی سطح پرناراض بلوچ قیادت سے بات چیت کرنے کے لیے مشاورت شروع کردی ہے،وزیراعظم کی بلوچ رہنماسرداراختر مینگل سے گزشتہ دنوں ملاقات ہوچکی ہے جس میں انھوں نے بلوچستان کے مسائل پران سے تفصیلی مشاورت کی تھی اوراب وزیراعظم دیگربلوچ قیادت سے بھی مرحلہ وار ملاقات کریں گے،ان ملاقاتوں کے بعدوزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک اور اعلیٰ حکومتی حلقوں سے مشاورت کے بعد ناراض بلوچ رہنمائوں کوقومی دھارے میں لانے کے لیے امن مذاکرات کی پالیسی کا فریم ورک تیار کیا جائے گا۔

ایک رابطہ کار کمیٹی تشکیل دی جائے گی،اس کمیٹی میں وفاق،بلوچستان حکومت اوراہم بلوچ رہنمائوں کو شامل کیاجائے گا جو ان ناراض بلوچ رہنمائوں سے رابطہ کرے گی اوران کے تحفطات سننے کے بعدا پنی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی ،جس کے بعد اعلیٰ سطح پر مذاکراتی کمیٹی قائم کی جائے گی،یہ کمیٹی ناراض بلوچ قیادت سے آئین کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے مذاکرات کرے گی،وفاق کی جانب سے مذاکراتی عمل کو وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارکی نگرانی کریں گے جبکہ ان کی معاونت وفاقی وزیرعبدالقادربلوچ کریں گے ،بلوچستان حکومت کی جانب سے وفاق کی معاونت وزیراعلیٰ کریںگے،وفاق امن مذاکرات کے لیے بزرگ بلوچ سیاسی رہنمائوں کوبھی اعتماد میں لینے اور ان کی رہنمائی لے گا،مذاکراتی عمل کاباقاعدہ آغازآئندہ ماہ شروع ہوسکتاہے،اس مذاکراتی عمل کے بعدوزیراعظم بلوچستان کے مسائل کے حل اور ترقیاتی کاموں کے لیے مربوط پالیسی کاتعین کریںگے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں