وزیراعلیٰ سندھ کی کراچی میں پراپرٹی سروے کی ہدایت
کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی لاکھوں پانی کی لائنیں متاثر ہیں جس کی مرمت کا کام جاری ہے، بریفنگ
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں پراپرٹی سروے پر کام شروع کرنے کی ہدایت کردی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ ہاؤس میں عالمی بینک کے وفد سے ویڈیو میٹینگ میں مراد علی شاہ نے آئندہ ماہ سے کراچی میں پراپرٹی سروے کا کام شروع کیا جائے اور اسے جلد مکمل کیا جائے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی گئی کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی لاکھوں پانی کی لائنیں متاثر ہیں جس کی مرمت کا کام جاری ہے جبکہ کراچی میں پراپرٹی سروے کے کام سے متعلق تکنیکی پہلوؤں پر کام ہورہا ہے۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شہر کراچی میں جاری جام صادق برج کے تعمیراتی کام کے ٹینڈر کو جلد جاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں عالمی بینک کے تحت جاری منصوبوں کو برق رفتاری سے پایہ تکمیل تک پہنچانا ہمارا عزم ہے۔
عالمی بینک کے وفد میں عبدالرزاق خلیل، احسان تحسین، فرحت اللہ سمیع، حسن افضال، بلال پراچہ، بلال خالد، کامران اکبر جبکہ عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجے بنہاسین اپنی ٹیم کے ہمراہ اسلام آباد سے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور وزیراعلیٰ سندھ کی معاونت صوبائی وزراء، ڈاکٹر عذرا پیچوہو، شرجیل میمن، مکیش چاولا، سردار شاہ، امتیاز شیخ، جام خان شورو، حارث گزدر، چیف سیکریٹری سہیل راجپورت، چیئرمین پی اینڈ ڈی حسن نقوی، وزیراعلیٰ سندھ پرنسپل سیکریٹری فیاض جتوئی بھی مٹینگ میں شریک تھے۔
اجلاس میں مختلف عالمی بینک کے منصوبوں پر پیشرفت جائرہ لیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جائزہ اجلاس بلانے کا مقصد منصوبوں کی رفتار تیز تیز کرنا اور جن منصوبوں میں مسائل کا سامنا ہے انکو حل کرنا ہے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی گئی کہ جام صادق پُل کی مرمت سے متعلق ٹینڈرنگ آخری مراحل میں ہے جس پر وزیراعلیٰ نے ٹینڈر جلد از جلد جاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جام صادق برج کی مرمت کا کام کراچی موبلٹی کے منصوبے کے تحت ہو رہا ہے۔
اجلاس میں سندھ سولر منصوبے کے تحت مانجھند سائیٹ کے انتخاب پر وزیراعلی کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ مانجھند منصوبے کی پی سی 1 پلاننگ کمیشن پاکستان کو منظوری کیلئے بھیجی گئی ہے۔