بینک اور اے ٹی ایم سے نقدی لے کر جانے والے شہریوں کو لوٹنے والے 3 ملزمان گرفتار

ایس ایس یو نے ٹاؤن اور گلستان جوہر میں کامران منگی، عبدالرزاق اور محمد اکرم کو گرفتار کیا گیا


Staff Reporter January 20, 2023
—فائل فوٹو

اسپیشلائزڈ انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے بینکوں اور اے ٹی ایم سے نقدی نکلوا کر جانے والے شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ چینی باشندے کو لوٹنے والے ملزم کو گرفتارکرکے اس کے قبضے سے چوری شدہ اشیا برآمد کرلی گئیں۔

 

ترجمان ایس ایس یو کے مطابق مبینہ ٹاؤن اور گلستان جوہر میں ایس آئی یو نے 3 اسٹریٹ کرمنلز کامران منگی ، عبدالرزاق اور محمد اکرم عرف اکرام کو گرفتار کرلیا ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران بینکوں اور اے ٹی ایم سے نقدی نکلوا کر جانے والے شہریوں سے لوٹ مار کی وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم عبدالرزاق بینک کے اندر جاکر کیش لیکر نکلنے والے اشخاص کی نشاندہی کرتا تھا جبکہ ملزمان نے رواں ماہ بھی سہراب گوٹھ اور گلشن اقبال میں وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں اور متعدد بار گرفتار ہو کر جیل بھی جا چکے ہیں، ایس آئی یو کے مطابق گرفتار ملزم کامران منگی ڈکیتی کے مقدمات میں 2 مرتبہ عدالتوں سے سزا یافتہ ہے جبکہ ملزمان عبدالرزاق اور محمد اکرم عرف اکرام نے صوبہ پنجاب میں وارداتوں اور گرفتاری کا انکشاف کیا ہے، گرفتار ملزمان کے قبضے سے 3 پستول اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔

چینی باشندے کو لوٹنے والا ملزم گرفتار؛ چوری شدہ اشیا برآمد

دوسری جانب ماڑی پور انویسٹی گیشن پولیس نے چینی باشندے کی چوری کی گئی رقم ، لیب ٹاپ ، موبائل فون اور دیگر دستاویزات گرفتار ملزم کی نشاندہی پر برآمد کر کے چینی باشندے کے حوالے کر دیئے۔

پولیس کے مطابق 11 جنوری کو چینی باشندے نے کراچی کے علاقے سی ویو سے ایک سفید کرولا کار بطور ٹیکسی بک کی چینی باشندہ مذکورہ کار میں ماڑی پور کے علاقے ہاکس بے کے ساحل پر پہنچا اور سیر و تفریح کیلئے ساحل پر چلا گیا جبکہ ٹیکسی میں اپنا بیگ چھوڑ گیا تھا جو کہ کار ڈرائیور لیکر فرار ہوگیا۔

انویسٹی گیشن پولیس نے واردات میں ملوث ملزم قادر بخش ولد باسط کو گرفتار کر کے ملزم کی نشاندہی پر برآمد کیے جانے والا تمام سامان برآمد کر کے چینی باشندے کے حوالے کر دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں