کراچی میں سردی کی شدت بڑھنے کا امکان پارہ 5 ڈگری تک گر سکتا ہے

سردی کی نئی لہر کراچی سمیت سندھ بھر میں ایک ہفتے تک برقرار رہ سکتی ہے، محکمہ موسمیات


Staff Reporter January 20, 2023
(فوٹو فائل)

محکمہ موسمیات نے شہر قائد کیلئے کولڈ ویو (سردی کی لہر) کا نیا الرٹ جاری کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق دیہی سندھ کے اضلاع میں اتوار اور کراچی میں پیر سےسردی کی شدت بڑھے گی جبکہ جمعے کو کراچی میں کم سے کم پارہ 14 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 25.2 ڈگری ریکارڈ ہوا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری ہوائیں بند ہیں جبکہ بلوچستان کی جانب سے چلنے والی ہواؤں کی زیادہ سے زیادہ رفتار 15 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی اور صبح کے وقت ہلکی دھند کے سبب حد نگاہ 3 کلومیٹر ریکارڈ ہوئی۔

صوبہ سندھ میں 22 جنوری سے سردی کی ایک نئی لہر آنے کا امکان ہے اور بالائی سندھ کے اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت 4 سے6 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرسکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں سردی کی شدت پیر سے بڑھنے کا امکان ہے جس کے دوران کم سے کم پارہ 5 ڈگری تک گرسکتا ہے اور شہر میں مغربی ہواؤں کے زیراثر بارش کا کوئی امکان نہیں ہے جبکہ سردی کی لہر کراچی سمیت سندھ بھر میں ایک ہفتے تک برقرار رہ سکتی ہے۔

ارلی وارننگ سینٹر کی تین روزہ پیش گوئی کے مطابق اگلے 3 روز کے دوران شہر بلوچستان کی شمال مشرقی اور مشرقی ہواؤں کے زیراثر رہ سکتا ہے اور اس دوران مطلع سرد اورخشک رہنے کا امکان ہے،آج (ہفتے) کو کم سے کم پارہ 10 سے 12 ڈگری جبکہ اتوار کو کم سے کم پارہ 9 سے 11 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 21 سے 23 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں