تیسرا ون ڈے پاکستان ویمن ٹیم کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست

پاکستان ویمن ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 235 رنز بنا سکی

آسٹریلیا ویمن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی دعوت ملنے پر 9 وکٹوں پر 336رنز بنائے۔ فوٹو: گیٹی امیجز

تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستان ویمن ٹیم کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست ہو گئی۔

سڈنی میں کھیلے جانیوالے تیسرے ون ڈے میں آسٹریلیا کے 336 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ویمن ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 235 رنز بنا سکی اور شکست سے دوچار ہوئی۔



منیبہ علی 27 اور طوبہ حسن بغیر رنز بنائے وکٹ پر موجود رہیں۔ اس سے قبل اوپنر صدر شمس 30 اور سدرہ امین 34 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئیں، ندا ڈار بھی 29 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئیں۔ بعدازاں بسمہ معروف 44 اور عائشہ نسیم بغیر کوئی رن اسکور کیے گارڈنر کا شکار بنیں۔


میچ کے آخری مرحلے میں عمیمہ سہیل 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئیں، فاطمہ ثنا نے بھی ٹیم کا دفاع کرتے ہوئے 17 رنز کی اننگز کھیلی اور پویلین لوٹ گئیں۔


آسٹریلیا کی جانب سے 133 رنز بنانے والی بیتھ مونے کو میچ اور سیریز کی بہترین پلیئر کے اعزاز سے نوازا گیا جب کہ بولنگ کرتے ہوئے آشلے گارڈرنر نے 3، جیس جوناسین نے 2 اور انابیل سوتھرلینڈ نے 1 وکٹیں حاصل کیں۔


قبل ازیں آسٹریلیا ویمن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی دعوت ملنے پر 9 وکٹوں پر 336رنز بنائے تھے، آسٹریلوی اوپنر اور وکٹ کیپر بیتھ مونے نے 133 رنز کی جاحانہ اننگز کھیلی جب کہ پاکستان کی جانب سے فاطمہ ثنا نے 3، ڈیانا اور ندا نے 2، 2 اور عمیمہ نے ایک وکٹ لی۔
Load Next Story