اسٹاک مارکیٹ 47 ارب ڈوب گئے ڈالر 240 پر پہنچ گیا سونا مزید مہنگا

انٹربینک میں 51پیسے اضافے سے ڈالر 229.66،اوپن کرنسی مارکیٹ میں قدر 50 پیسے بڑھ گئی،تولہ سونا 700 روپے مہنگا


Staff Reporter January 21, 2023
مندی کے سبب انڈیکس کی 38500،38600،38700اور38800کی حدیں گرگئیں ،423 پوائنٹس کی کمی۔ فوٹو: فائل

پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کے روز اتار چڑھاؤ کے بعد مندی رہی جس سے انڈیکس پوائنٹس کی 4سطحیں بھی گرگئیں۔

پاکستان میں ششماہی بنیادوں پر براہ راست بیرونی سرمایہ کاری 59 فیصد گھٹنے، شرح سود میں ممکنہ اضافے اور آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل درآمد سے معیشت سست روی کا شکار ہونے کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کے روز اتار چڑھاؤ کے بعد مندی رہی جس سے انڈیکس کی 38800, 38700,، 38600 اور 38500 پوائنٹس کی 4سطحیں بھی گرگئیں۔

مندی کے سبب 62 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ سرمایہ کاروں کے 47ارب 74کروڑ 26لاکھ 8ہزار 434روپے ڈوب گئے۔ اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر خریداری سرگرمیوں کے سبب مندی کی شدت میں کمی واقع ہوئی، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 423.60 پوائنٹس کی کمی سے 38407.98پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

دریں اثنا دوست ممالک کی جانب سے فنڈز کی فراہمی آئی ایم ایف پروگرام سے مشروط کیے جانے اور 8ہفتوں بعد ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بڑھنے کے باوجود جمعہ کو بھی ڈالر کی پیشقدمی جاری رہی جس سے ڈالر کے اوپن ریٹ 240روپے کی سطح پر آگیا۔

کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 51پیسے کے اضافے سے 229.66روپے کی سطح پربند ہوئی۔ اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 50پیسے کے اضافے سے 240روپے کی سطح پر بند ہوئی۔

علاوہ ازیں مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی جمعہ کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 700روپے اور 600روپے کا اضافہ ہوگیا جس کے نتیجے میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 186000 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت گھٹ کر 159465 روپے کی سطح پر آگئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں