عمران خان کے خلاف خیبر پختونخوا اسمبلی میں تحریک استحقاق جمع

عمران خان کے اپنی جماعت کے فارورڈ بلاک سے متعلق دیئے گئے بیان سے اسمبلی ارکان کا استحقاق مجروح ہوا ہے، ارکان کا موقف

عمران خان کے خلاف سکندر شیرپاؤ، سردار حسین بابک اور نگہت اورکزئی کی جانب سے تحریک استحقاق جمع کرائی گئی۔ فوٹو: فائل

خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف تحریک استحقاق جمع کرادی ہے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی وطن پارٹی کے سکندر شیرپاؤ، عوامی نیشنل پارٹی کے سردار حسین بابک اور پیپلز پارٹی کی نگہت اورکزئی کی جانب سے خیبر پختونخوا اسمبلی سیکریٹریٹ میں تحریک استحقاق جمع کرائی گئی ہے۔ تحریک استحقاق میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کی جانب سے گزشتہ دنوں ان کی اپنی جماعت کے فارورڈ بلاک سے متعلق دیئے گئے بیان سے اسمبلی ارکان کا استحقاق مجروح ہوا ہے۔

واضح رہے کہ عمران خان نے گزشتہ دنوں فارورڈ بلاک کے ارکان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ فارورڈ بلاک میں شامل ارکان کی شکایتوں کی تحقیقات کریں گے تاہم اس سلسلے میں وہ کسی بھی قسم کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے اور اسمبلی تحلیل کرکے از سر نو انتخابی عمل میں جانے کو ترجیح دیں گے۔
Load Next Story