اسٹیٹ بینک مخصوص درآمدی سامان کی پیشگی منظوری کی شرط واپس

ایچ ایس کوڈچیپٹرز84، 85اور87کے تحت اشیا شرط سے مستثنیٰ قرار


Business Reporter January 24, 2023
خوراک، ادویہ، توانائی جیسی اشیا کی درآمد کو ترجیح دی جائے۔ فوٹو:فائل

بینک دولت پاکستان نے مخصوص درآمدی سامان کیلیے پیشگی منظوری کی شرط واپس لے لی۔

بینک دولت پاکستان نے کاروباری اداروں کی سہولت کے لیے مخصوص درآمدی سامان (ایچ ایس کوڈ چیپٹرز 84، 85 میں آنے والی اشیاء اور ایچ ایس کوڈ چیپٹر 87 کے تحت بعض اشیاء) کیلیے پیشگی منظوری کی شرط واپس لے لی ہے اور اس کی جگہ بینکوں کو عمومی ہدایت جاری کی ہے کہ خوراک، ادویہ، توانائی وغیرہ جیسی ضروری اشیاء کی درآمد کو ترجیح دیں۔

کاروباری برادری بشمول مختلف تجارتی تنظیموں اور چیمبرز آف کامرس نے یہ بات اجاگر کی ہے کہ درآمدی اشیاء لے کر آنے والے شپنگ کنٹینرز کی بڑی تعداد بندرگاہوں پر پھنسی ہوئی ہے کیونکہ بینکوں کی جانب سے شپنگ کی دستاویزات جاری کرنے میں تاخیر کی جا رہی ہے۔

اسٹیٹ بینک نے کمرشل بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایسے تمام درآمدکنندگان کو ایک بار سہولت فراہم کریں جو یا تو اپنی ادائیگی کی میعاد کو 180 دن (یا اس سے زائد) تک توسیع دے سکتے ہوں یا جو اپنی زیر التوا درآمدی ادائیگیوں کے تصفیے کے لیے بیرون ملک سے رقوم کا بندوبست کر سکیں۔

بینکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 31 مارچ 2023ء تک ان شپمنٹس /اشیاء کی دستاویزات کو پروسیس کرکے جاری کریں، جو پاکستا نی بندرگاہ پر آچکی ہوں یا 18 جنوری 2023ء کو یا اس سے قبل روانہ ہوچکی ہوں۔

مزید برآں بینکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے صارفین کے علم میں یہ بات لائیں کہ وہ مستقبل میں کسی زحمت سے بچنے کے لیے کوئی بھی درآمدی لین دین شروع کرنے سے پہلے اپنے بینک کو اس سے آگاہ کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں