امریکی گلوکارہ بیونسے نے1 گھنٹے کے کنسرٹ سے 25 ملین ڈالرز کما لیے
پاپ کوئین نے دبئی میں ہوٹل اٹلانٹس دی رائل کی افتتاحی تقریب کے دوران ایک کنسرٹ میں پرفارم کیا
مشہور امریکی پاپ اسٹار بیونسے نے 5 سال بعد اپنا پہلا کنسرٹ کر کے کروڑوں ڈالرز کما لیے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق گریمی ایوارڈ یافتہ گلوکارہ بیونسے نے دبئی میں ہوٹل اٹلانٹس دی رائل کی افتتاحی تقریب میں پرفارم کر کے 1 گھنٹے کے کنسرٹ سے 25 ملین ڈالرز کما لیے۔
امریکی گلوکارہ نے 5 سال کے طویل عرصے کے بعد اپنا پہلا کنسرٹ مکمل کیا ہے جس میں انہوں نے شاندار پرفارمنس سے مداحوں کے دل جیت لیے۔
دبئی کے معروف ہوٹل اٹلانٹس دی رائل کے اس پرائیویٹ کنسرٹ میں عرب میڈیا اور مڈل ایسٹ کے امیروں سمیت ایک ہزار خاص شخصیات نے شرکت کی۔
41 سالہ امریکی گلوکارہ بیونسے نے لبنان کے معروف ڈانس گروپ 'میاس' کے ساتھ بھی اسٹیج پر سُر بکھیرے۔ امریکی گلوکارہ نے اپنے مداحوں کیلئے 'ایٹا جیمز کلاسک ایٹ لاسٹ' اور دیگر پسندیدہ گانوں پر بھرپور پرفارمنس دے کر خوب داد سمیٹی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ عالمی پاپ کلچر آئیکون بیونسے کو 25 ملین ڈالرز کی بڑی رقم ادا کی گئی ہے یعنی گلوکارہ نے ایک منٹ پرفارم کرنے کیلئے 280 ہزار ڈالرز وصول کیے۔