سندھ سلیکشن بورڈ کا اجلاس سیکریٹری اطلاعات عمران عطا کی 21 گریڈ میں ترقی
علاوہ ازیں گریڈ 19 کے افسران کو بھی گریڈ بیس میں ترقی دی گئی
وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت صوبائی سلیکشن بورڈ ون کے اجلاس میں سیکریٹری اطلاعات و آرکائیوز عمران عطا کو 21ویں گریڈ میں ترقی کی منظوری دے دی گئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے زیر صدارت صوبائی سلیکشن بورڈ ون کے اجلاس میں سیکریٹری اطلاعات و آرکائیوز عمران عطا سومرو کو گریڈ20 سے21 میں ترقی دے دی گئی۔ عمران عطا سومرو اکتوبر 2018 سے سیکریٹری اطلاعات و آرکائیوز کے عہدے پر کام کررہے تھے، اس سے قبل وہ سندھ بورڈ میں ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر فائز رہے۔
انہوں نے ڈائریکٹر جنرل ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کراچی کے اضافی چارج کے ساتھ سیکریٹری لوکل گورنمنٹ، ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ڈیپارٹمنٹ، کے طور پر بھی اپنے فرائض انجام دیے۔ وہ جنوری 2016 سے اپریل 2016 تک پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور دیہی ترقی کے محکمے کے سیکریٹری کے عہدے پر فائز رہے۔ مارچ 2015 سے دسمبر 2015 تک لوکل گورنمنٹ ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ڈپارٹمنٹ کے سیکریٹری کے طور پر خدمات انجام دیں۔
عمران عطا سومرو ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، محکمہ داخلہ، اینٹی کرپشن ڈپارٹمنٹ ،محکمہ خزانہ ، بجٹ، آڈٹ ، کوآرڈینٹر سندھ رینجرز، اینڈ پولیس، جنرل ایڈمنسٹریشن، کوآپریٹوسوسائٹیز محکمہ صحت کے اسپیشل سیکریٹری (ایڈمن) کے علاوہ دیگر عہدوں پر بھی ذمے داریاں انجام دے چکے ہیں۔ ان کا شمار انتہائی باصلاحیت افسران میں کیا جاتا ہے۔
عمران عطا سومرو نے شاہ عبدالطیف بھٹائی یونیورسٹی خیرپور سے ایم اے پولیٹکیل سائنس اور بیچلر آف لا( ایل ایل بی) جبکہ آئی بی اے کراچی سے پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ (بزنس ایڈمنسٹریشن ) کی ڈگری حاصل کی اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن سے تربیت حاصل کی۔
علاوہ ازیں اجلاس میں گریڈ 19 کے افسران کو بھی گریڈ 20 گریڈ میں ترقی دینے کی منظوری دی۔ ترقی پانے والوں میں گہنور لغاری، مصطفی سہاگ، شریف شیخ،آغا سہیل اور محمد علی شیخ، جلال الدین مہر کو20 گریڈ میں ترقی دے دی گئی ہے شریف شیخ ، آغا سہیل ، محمد علی شیخ ، گہنور لغاری بطور سیکریٹری گریڈ 20 میں پروموشن کی منظوری دی گئی۔