پی ایس ایل8 ری پلیسمنٹ میں کس کھلاڑی کو کونسی فرنچائز نے منتخب کیا

آئندہ ماہ شیڈول ایونٹ کیلیے ملتان سلطانز نے وائن پارنیل، اظہار الحق نوید اور پولارڈ کا انتخاب کرلیا


Sports Reporter January 26, 2023
لاہور قلندرز نے سیم بلنگز، کوشل مینڈس ، شان ڈیڈزویل کی خدمات حاصل کرلیں۔ فوٹو: ایکسپریس ویب

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں سیزن کے آغاز سے قبل ہی اضافی کمک طلب کرنا پڑ گئی۔

پی ایس ایل میں مکمل یا جزوی طور پر عدم دستیاب کرکٹرز کا خلا پْرکرنے کیلیے ری پلیسمنٹ ڈرافٹ کروائے جاتے ہیں،اس بار ٹیموں کی درخواست پر 2اضافی سپلیمنٹری پلیئرز کے انتخاب کی بھی اجازت دی گئی۔

گزشتہ روز ویڈیو لنک پر ہونے والے ڈرافٹ میں یہ مرحلہ بھی طے کرلیا گیا،ملتان سلطانز کے اسکواڈ میں منتخب ہونے والے عادل رشید انگلش ٹیم کے ساتھ انٹرنیشنل مصروفیات اور اس سے قبل آرام کی غرض سے رواں سال آٹھویں ایڈیشن میں شرکت نہیں کر پائیں گے،ہم وطن ہیری بروک بھی ممکنہ طور پر لاہور قلندرز اورجیسن روئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو دستیاب نہیں ہوں گے۔

یاد رہے کہ بروک نے زبردست پاور ہٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے گذشتہ ایڈیشن میں ایک سنچری سمیت چند اہم ترین اننگز کھیلی تھیں،انھوں نے 264رنز بناکر قلندرز کی ٹائٹل فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ ہیری بروک اور عادل رشید آئی پی ایل میں سن رائزرز حیدرآباد کیلیے دستیاب ہوں گے،جارح مزاج انگلش بیٹر کا 13.25 اور اسپنر کا 2کروڑ روپے کا معاہدہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل8؛ کون سے بڑے کھلاڑی ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے؟

دوسری جانب دیگر کئی کرکٹرز انٹرنیشنل اور دیگر مصروفیات کی بنیاد پر جزوی طور پر عدم دستیاب ہیں۔ملتان سلطانز نے عادل رشید کے ساتھ جزوی دستیاب ڈیوڈ ملر، عقیل حسین اور ٹم ڈیوڈ کے بطور متبادل وائن پارنیل اور نوجوان لیگ اسپنر اظہار الحق نوید سمیت سپلیمنٹری کیٹیگری میں کیرون پولارڈ اور عماد بٹ کا انتخاب کیا۔

لاہور قلندرز نے ہیری بروک کے ساتھ ابتدائی 3میچز کیلیے عدم دستیاب راشد خان اور جارڈن کاکس کا خلا پْر کرنے کیلیے سیم بلنگز، کوشل مینڈس اور شان ڈیڈزویل کو لیا،سپلیمنٹری پلیئر کے طور پر احسن بھٹی کا چنائو کیا گیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم جزوی طور پر الیکس ہیلز، رحمان اللہ گربازسے محرومی کی صورت میں ٹام کرن، ٹائمل ملز اور گس ایٹکنسن کے ساتھ سپلیمنٹری پلیئر ظفر گوہر کی خدمات سے فائدہ اٹھائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ملتان میں پی ایس ایل 8 کی رنگارنگ افتتاحی تقریب کا میلہ سجنے کو تیار

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اوڈین اسمتھ، جیسن روئے، نوین الحق اور ہسارانگا کے بطورمتبادل ڈیوین پریٹوریس،ول جیکس، نوان تھشارا، سپلیمنٹری پلیئرز قیس احمد، سعود شکیل کو منتخب کیا۔

پشاور زلمی نے رومین پاول اور مجیب الرحمٰن کا خلا پْر کرنے کیلیے رچرڈ گلیسن کو لے کر ایک پک محفوظ کرلی، سپلیمنٹری پلیئر کے طور پر حارث سہیل اور خرم شہزاد کو اسکواڈ کا حصہ بنالیا گیا۔

کراچی کنگز نے بطورسپیلیمنٹری پلیئر پشاور زلمی کی جانب سے گذشتہ سیرن کھیلنے والے بین کٹنگ اور موسٰی خان کا انتخاب کیا،تبریز شمسی کا متبادل فیصل اکرم کو لیا گیا۔

پی سی بی کی پریس ریلیز کے مطابق رومین پاول، ڈیوڈ ملر، اوڈین اسمتھ، عقیل حسین اور تبریز شمسی ممکنہ طور پر ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کی وائٹ بال سیریز کی وجہ سے 8 مارچ سے اپنی فرنچائزز کو دستیاب نہیں ہوں گے۔



عادل راشد، معین علی اور جیسن روئے ممکنہ طور پر 26 فروری سے 14 مارچ تک انگلینڈ اور بنگلہ دیش کے مابین محدود اوورز کی سیریز کی وجہ سے فارغ نہیں ہوں گے، الیکس ہیلز 26 فروری سے پی ایس ایل 8 میں شامل ہوں گے، ٹم ڈیوڈ 3 مارچ سے جوائن کریں گے، جورڈن کاکس 21 فروری سے لاہور قلندرز کو دستیاب ہوں گے ، وہ انگلینڈ لائنز کے ساتھ سری لنکا میں ہیں۔

وانندو ہسارنگا 3 مارچ کے بعد دستیاب نہیں ہوں گے، ممکنہ انٹرنیشنل مصروفیات کی وجہ سے افغانستان کے کرکٹرز مختصر مدت کیلیے دستیابی ممکن بناسکیں گے۔

واضح رہے کہ ٹیموں نے جزوی دستیاب پلیئرز کو ابتدائی ڈرافٹ میں اس لیے پک کیا تھا کیونکہ اس کی بنیاد پر وہ انھیں اگلے سیزن میں برقرار رکھ پائیں گے، ری پلیسمنٹ ڈرافٹ میں پک ہونے والا پلیئر اگلے سیزن کیلئے اسکواڈ میں ری ٹین نہیں ہوسکتا۔

پی ایس ایل کا آٹھواں ایڈیشن 13 فروری سے ملتان میں رنگارنگ تقریب کے ساتھ شروع ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں