حصص مارکیٹ 28500 کی نفسیاتی حد بھی عبور کر گئی

تیزی کے سبب حصص کی مالیت میں مزید40 ارب85 کروڑ 91 لاکھ99 ہزار702 روپے کا اضافہ ہوگیا۔


Business Reporter April 08, 2014
تیزی کے سبب حصص کی مالیت میں مزید40 ارب85 کروڑ 91 لاکھ99 ہزار702 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ فوٹو: اے ایف پی

اقتصادی محاذ پر مثبت اشاریوں اور غیرملکیوں کی بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری دلچسپی کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں پیر کو بھی تیزی کا تسلسل قائم رہا ۔

جس سے ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس 28500 پوائنٹس کی حد بھی عبور کرگیا، تیزی کے سبب حصص کی مالیت میں مزید40 ارب85 کروڑ 91 لاکھ99 ہزار702 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا ہے کہ سیمنٹ، نجی بینک، شعبہ توانائی کی کمپنیوں اور دیگر کثیرقومی کمپنیوں میں خریداری رحجان بڑھنے سے مارکیٹ میں تیزی کی لہر قائم ہے تاہم آئندہ سیشنز میں کسی بھی وقت تکنیکی درستگی سے مندی رونما ہوسکتی ہے، ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر46.28 پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی لیکن فروخت کی نسبت خریداری حجم زائد ہونے کی وجہ سے مارکیٹ میں مندی کے اثرات زائل ہوگئے۔

ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں کی جانب سے79 لاکھ54 ہزار201 ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس170.93 پوائنٹس کے اضافے سے28578.96 اورکے ایس ای30 انڈیکس98.67 پوائنٹس بڑھ کر20128.95 ہوگیا جبکہ کے ایم آئی30 انڈیکس39.91 پوائنٹس کمی سے46529.81 ہوگیا، کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت 36.53 فیصد کم رہا، مجموعی طور پر25 کروڑ57 لاکھ41 ہزار 810 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ 368 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں188 کے بھائو میں اضافہ 159 کے داموں میں کمی اور21 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔