سابق چیئرمین سینٹ اور رہنما پیپلز پارٹی میاں رضا ربانی نے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کی گرفتاری کو بلاجواز قرار دے دیا ہے۔
رضا ربانی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سیکشن 124 اے ، پی پی سی 1860 کے تحت فواد چوہدری کی گرفتاری بلاجواز ہے، بغاوت کے الزامات کے معاملے پر میرا بل سینٹ نے 9جولائی 2021 کو پاس کیا تھا مگر جان بوجھ کر یہ بل قومی اسمبلی میں غائب کردیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ تاریخ ہے کہ سیاستدانوں اور سویلین کے خلاف بغاوت اور غداری کے الزامات لگائے جاتے رہے ہیں یہ بھی حقیقت ہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے بغاو ت کے الزامات کے تحت خصوصی عدالت کی کارروائی کو ختم کردیا تھا جو کہ آرٹیکل 6کے تحت سابق صدر پرویز مشرف کیخلاف تھی۔
رضا ربانی نے اپنی ہی حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ ان دفعات کے تحت کارروائی کرنے سے گریز کرے، حکومت کو چاہیے کہ وہ خود میرے نجی بل کو دیکھے جو کہ قومی اسمبلی میں کہیں موجود ہے۔