امریکا بھی یورپی یونین کی طرح تجارتی مراعات دےخرم دستگیر

غیرملکی تاجرپاکستان میں بلاخوف سرمایہ کاری کریں،امریکی صحافیوں کے وفد سے ملاقات


APP April 08, 2014
غیرملکی تاجرپاکستان میں بلاخوف سرمایہ کاری کریں،امریکی صحافیوں کے وفد سے ملاقات۔ فوٹو : اے پی پی

وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ دہشتگردی سے طاقت کے ذریعے نہیں بلکہ معاشی امید سے نمٹا جائے گا، پاکستان کے لیے تجارتی مراعات میں امریکا یورپ کی برابری کرے۔

پاکستان خوف کے دور سے نکل چکا ہے، گزشتہ 100 دنوں میں ملک میں کوئی ڈرون حملہ نہیں ہوا، دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی ہوئی ہے اور ملک میں امن کی فضا قائم ہے، غیر ملکی سرمایہ کار پر امن پاکستان میں بلاخوف و خطر سرمایہ کاری کریں۔ امریکی صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارتی امکانات پر روشنی ڈالی اور کہاکہ یورپی یونین سے جی ایس پی پلس درجہ ملنے کے بعد پاکستان کے یورپ سے تجارتی حجم میں اضافہ ہوا ہے، رواں مالی سال جولائی سے فروری تک پاکستان کی برآمدات میں 6.1 اور درآمدات میں 1.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مختصر وقت میں تجارت کے توازن کی سمت پاکستان کے حق میں کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری نظم و نسق میں کرپشن کا قلع قمع موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت عالمی سطح پر سرمایہ کاری اور تجارت کے اربوں ڈالر کے معاہدے کررہی ہے لیکن کسی معاہدے میں کرپشن اور بدعنوانی کا شائبہ تک نہیں ملا۔ امریکا کے ساتھ تجارتی حجم بڑھانے کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ 2001 سے اب تک دہشت گردی کے خلاف جنگ میں باہمی تعاون کے باوجود امریکا کی طرف سے پاکستان کو کوئی ٹھوس تجارتی مراعات نہیں دی گئیں، اب وقت آگیا ہے کہ جس طرح یورپی یونین نے پاکستان کو وسیع اور طویل مدتی تجارتی مراعا ت دی ہیں، امریکا بھی اسی طرح تجارتی مراعات میں یورپ کی برابری کرے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر تجارت نے تاجک سفیر شیر علی سے ملاقات میں کہا کہ وزیر اعظم کے وژن کے مطابق پاکستان کو جلد ہی وسطی ایشیا سے ریل، روڈ، بینکنگ اورموبائل فون نیٹ ورک کے ذریعے منسلک کیا جائے گا، پاکستان اپنی مغربی سرحدوں تک روڈ اور ریل نیٹ ورک قائم کرکے افغانستان اور وسطی ایشیائی ممالک کو اپنی بندرگاہوں تک رسائی دے گا جس سے پاکستان کی ان ممالک سے تجارت میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہے، تاجکستان کو سیمنٹ، چاول، چینی، ٹیکسٹائل، کینو، فوڈ پراڈکٹس کی برآمدات میں مزید اضافہ کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں