واپڈا کی ممکنہ نجکاری ہائیڈرو یونین نے بجلی بند کرنے کی دھمکی دے دی

حکومت انتہائی قدم اٹھانےپرمجبور کر رہی ہے، کل سے ملک بھر میںتمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں میں تالابندی اور ریلیوں کا اعلان


Numainda Express April 08, 2014
حکومت انتہائی قدم اٹھانےپرمجبور کر رہی ہے، کل سے ملک بھر میںتمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں میں تالابندی اور ریلیوں کا اعلان۔ فوٹو: فائل

پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک سینٹرل لیبر یونین کے مرکزی صدر عبداللطیف نظامانی نے کہا ہے کہ بار بار کے احتجاج اور ہڑتالوں کے باوجود حکومت مفاد عامہ کے ادارے کی نجکاری کی پالیسی ترک نہیں کر رہی اور ہمیں انتہائی قدم یعنی بجلی بند کرنے کی جانب دھکیل رہی ہے۔

جو ہم اس ملک کے غریب عوام کی پریشانی کے باعث نہیں کر رہے لیکن ایسا لگتا ہے کہ اب تنگ آمد بجنگ آمد کے مصداق ہمیں یہ ناپسندیدہ عمل جلد کرنا پڑے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کے عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بدھ 9 اپریل (کل) ملک بھر میں واپڈا کی تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں میں تالابندی کر کے احتجاج، جلسے جلوس اور ریلیاں نکالنے کا اعلان کیا۔ سندھ کی سطح پر حیسکو اور سیپکو کے مرکزی اجتماعات حیدرآباد اور سکھر میں منعقد کیے جائیں گے۔ حیدرآباد کا مرکزی احتجاجی اجتماع حیدر چوک پر منعقد ہوگا، جس میں حیدرآباد کے علاوہ ٹھٹھہ، سجاول، جامشورو، بدین، ٹنڈو محمد خان، عمرکوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ، نواب شاہ، مٹیاری اضلاع کے ہزاروں واپڈا ملازمین شرکت کریں گے۔ عبداللطیف نظامانی نے مزید کہا کہ نجکاری کا عمل زہر قاتل ہے جو نہ صرف واپڈا ملازمین بلکہ غریب عوام اور ملک کی سالمیت کے لیے بھی خطرے کی گھنٹی ہے۔ حکومتوں کی تبدیلی کے باعث پچھلے ملازموں کو نکال کر نئے لوگ بھرتی کیے جاتے ہیں اور یہ عمل ہر حکومت دہراتی رہتی ہے۔

یوں یہ مزدور کش عمل مسلسل جاری ہے۔ اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری اقبال قائمخانی نے مرکزی جلسے کے لیے مختلف کمیٹیوں کا اعلان کیا جو اسٹیج، ٹرانسپورٹ، میڈیا اور انتظامی حوالے سے فرائض انجام دینگی، انہوں نے پورے سندھ کے واپڈا محنت کشوں سے حیدرآباد اور سکھر کے جلسوں میںبھرپور شرکت کی اپیل کی۔ جلسے سے اقبال احمد خان ، ملک سلطان علی ، اعظم خان، محمد حنیف خان، اسد اللہ، نواب چھجڑو، نوید عباسی، حافظ عبدالکریم، رائو سعید احمد، عبداللہ ملک ، غلام حیدر، سکندر چانڈیو، عباس چانڈیو، سکندر شیخ، محمد یوسف، ارشد تقوی، رفیع عالم ، سراج بیگ ، صفدر صدیقی، یوسف خان، نجم شیخ، حمید شیخ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں