خرم منظور نے سرفراز احمد کو بابراعظم سے بڑا ’’کپتان‘‘ قرار دیدیا

بابر ابھی سیکھ رہے ہیں، ہر ٹیسٹ میچ انکی کپتانی بلکل مختلف نظر آتی ہے، کرکٹر

بابر ابھی سیکھ رہے ہیں، ہر ٹیسٹ میچ انکی کپتانی بلکل مختلف نظر آتی ہے، کرکٹر (فوٹوـ ایکسپریس ویب)

ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل رنز کے انبار لگانے والے اور سلیکٹرز کی نظروں سے اوجھل خرم منظور نے سرفراز احمد کو بابراعظم سے بڑا کپتان قرار دیدیا۔

معروف یوٹیوبر سے پوڈ کاسٹ پر بات کرتے ہوئے قومی ٹیم کے اوپننگ بلےباز خرم منظور نے کہا کہ سرفراز احمد میرے بچپن کے دوست ہیں، انہوں نے پاکستان کو انڈر-19 ورلڈکپ، آئی سی سی چیمپئیز ٹرافی، 11 مسلسل ٹی20 سیریز کی فتوحات، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پی ایس ایل چیمپئین بنوانا سمیت آئی سی سی رینکنگ میں ٹاپ نمبر ایک ٹیم بنانا شامل ہے اب آپ بتادیں کون بڑا کپتان ہے۔ بابراعظم ابھی سیکھ رہے ہیں، ہر ٹیسٹ میچ انکی کپتانی بلکل مختلف نظر آئی ہے۔

سرفراز کو کپتانی سے ہٹانے کے حوالے سے کیے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ سابق کپتان کو کیوں ہٹایا یا کیوں نہیں ہٹایا میرا ڈومین نہیں ہے۔

مزید پڑھیں: بابراعظم ٹیسٹ کرکٹ میں رضوان کی جگہ سرفراز کو موقع دیں، حفیظ


قومی کرکٹر نے ویرات کوہلی سے متعلق بیان میں کہا کہ وہ دنیا کے ٹاپ 10 بلےبازوں میں سے ایک ہیں بطور کرکٹر ان سے موازنہ نہیں کررہا لیکن بھارتی بیٹر میرے پیچھے ہیں کیونکہ وہ ہر چھ اننگز میں سنچری بناتے ہیں لیکن میں ہر 5.68 اننگز میں میں سنچری بناتا ہوں جو کہ ایک عالمی ریکارڈ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 10 سالوں میں لسٹ اے کیٹیگری میں میرے رنز بنانے کی ایوریج 53 رہی ہے لیکن اسکے باوجود مجھے ٹیم میں جگہ نہیں ملی،پچھلی 48 اننگز میں 24 سنچریاں بھی اسکور کررکھی ہیں۔

قومی کرکٹر نے ون ڈے میچز میں آخری بار 2009 جبکہ ٹیسٹ میں 2014 میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی، جس کے بعد انہیں ٹیم میں واپسی کا موقع نہیں ملا۔

Load Next Story