رونالڈو کی گرل فرینڈ کے ریئلٹی شو کا سیزن 2 ریلیز کیلئے تیار
جارجینا نے نیٹ فلکس ریئلٹی شو ’آئی ایم جارجینا‘ کے سیزن 2 کا اعلان کر دیا
اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی گرل فرینڈ جارجینا جلد اپنے نیٹ فلکس ریئلٹی شو 'آئی ایم جارجینا' کے سیزن 2 کے ساتھ واپس اسکرین پر نظر آئیں گی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق 28 سالہ ارجنٹائن کی ماڈل اور کاروباری خاتون نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر نیٹ فلکس ریئلٹی شو 'آئی ایم جارجینا' کے سیزن 2 کےساتھ رواں سال مارچ میں واپس آنے کا اعلان کیا ہے۔
نیٹ فلکس ریئلٹی شو کے پہلے سیزن میں کرسٹیانو رونالڈو کی گرل فرینڈ جارجینا کی انتہائی پرتعیش زندگی پر مبنی 6 قسطیں نشر کی گئی تھیں جس کے بعد سے شائقین ان کی دنیا بھر سیر، سپر اسٹارز سے ملاقات اور پرتعیش دوروں سے بھرے نئے سیزن کا انتظار کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ جارجینا ایک خودمختار ماں اور اثر و رسوخ رکھنے والی کاروباری خاتون ہیں جارجینا 2017 میں اس وقت دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بنیں جب انہوں نے اسٹار پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے ساتھ اپنے تعلقات کا آغاز کیا۔
یہ بھی پڑھیں: رونالڈو نے ریاض میں گرل فرینڈ اور بچوں کے ہمراہ تفریحی مقام کا رخ کرلیا
خیال رہے کہ رونالڈو نے سعودی عرب کے النصر فٹبال کلب کو باضابطہ طور پر جوائن کر لیا ہے جس کے بعد جارجینا، رونالڈو اور ان کے تمام بچے اب سعودی منتقل ہو گئے ہیں انہیں حال ہی میں ریاض کے ایک تفریحی پارک میں فیملی ڈے سے لطف اندوز ہوتے دیکھا گیا تھا۔